شادیوں میں پرفارمنس کا مظاہرہ

ہالی وڈ کی حسینائیں بھاری معاوضے کے عوض شادیوں میں شرکت کرتی ہیں۔


Nadeem Subhan November 12, 2012
2005ء میں روسی ارب پتی آندرے میلنچنکوف نے اپنی شادی میں مہمانوں کی تفریح طبع کے لیے کرسٹینا کی خدمات حاصل کی تھی۔ فوٹو : فائل

بھارتی صنعت کاروں کے بچوں کی شادیوں میں بھاری معاوضے پر بولی وڈ کے اسٹار اور سپُر اسٹار کی شرکت اور وہاں پرفارمینس کا مظاہرہ ایک روایت سی بن گئی ہے جس پر میڈیا میں بحث بھی کی جاتی رہی ہے۔

تاہم یہ رجحان صرف بولی وڈ سے مخصوص نہیں ۔ ہالی وڈ میں بھی یہ رجحان موجود ہے۔ ہالی وڈ کی حسینائیں بھاری معاوضے کے عوض شادیوں میں شرکت کرتی ہیں۔ بھارتی اداکارائیں اس کا معاوضہ لاکھوں میں جب کہ بولی وڈ کے ''خان'' کروڑوں میں لیتے ہیں۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں ہالی کی حسیناؤں کے معاوضے پر:

Katy Perry:
معروف سنگر نے اپنی سابقہ پڑوسن اور مشہور اداکارہ ہولی ویلینس کی شادی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔ 45 منٹ تک مہمانوں کو اپنے گیتوں سے محظوظ کرنے قیمت کیٹی نے 1.9 ملین ڈالر کی صورت میں وصول کی تھی۔ ہولی کی شادی پر مجموعی طور پر 4.2 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھا۔ اس طرح شادی پر خرچ ہونے والی مجموعی رقم کا تقریباً نصف صرف کیٹی کو ادا کیا گیا تھا۔

Kylie Minogue:
فولاد کے کاروبار سے وابستہ معروف بھارتی لکشمی متل کی بیٹی ونیشا کی شادی فرانس کے ایک محل میں انجام پائی تھی۔ دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل متل نے بیٹی کی شادی پر 78ملین ڈالر خرچ کیے تھے۔ ان میں سے 520000 ڈالر عالمی شہرت یافتہ آسٹریلوی گلوکارہ کو ادا کیے گئے تھے۔ کائلی نے صرف30منٹ تک اپنے فن کے مظاہرے کے عوض یہ بھاری رقم وصول کی تھی۔ اس شادی میں شاہ رخ خان، سیف علی خان، ایشوریا رائے، اکشے کمار اور رانی مکرجی کے علاوہ متعدد فلمی ستاروں نے شرکت کی تھی۔

Shakira:
عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ نے ہندوستانی نژاد برطانوی صنعت کار پرمود اگروال کی بیٹی کی شادی میں شرکت کی تھی۔ اس دوران اس نے اپنے مشہور زمانہ گیت سناکر مہمانوں کا دل خوش کردیا۔ مہمانوں کی یہ خوشی پرمود اگروال کو کئی لاکھ ڈالر میں پڑی تھی۔

Christina Aguilera:
2005ء میں روسی ارب پتی آندرے میلنچنکوف نے اپنی شادی میں مہمانوں کی تفریح طبع کے لیے کرسٹینا کی خدمات حاصل کی تھی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ نے اپنے گیتوں سے سماں باندھ دیا تھا۔ کرسٹینا نے تین گیت گانے کا معاوضہ 3.6ملین ڈالر وصول کیا تھا۔ کرسٹینا کے علاوہ وہٹنی ہوسٹن نے بھی اس محفل میں اتنی ہی رقم کے عوض اپنے مقبول عام گیت سنائے تھے۔

Jennifer Lopez:
جینیفر نے ازبکستان کے تیل کی صنعت سے وابستہ صنعت کار اعظم اسلوف کے بیٹے کی شادی میں پرفارم کرنے کا معاوضہ 10ملین ڈالر وصول کیا تھا۔ جینیفر کی اس پرفارمنس کی وڈیو انٹرنیٹ پر بھی جاری ہوئی تھی۔

Rihanna :
برطانوی کاروباری شخصیت برنی ایکلسٹون کی بیٹی کی منگنی میں پرفارم کرنے کے لیے بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ سے ڈھائی لاکھ پاؤنڈ میں معاہدہ طے پایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں