فلم ریویو فیوچر تو برائٹ ہے جی

مجموعی طور پر ’’ فیوچر تو برائٹ ہے جی‘‘بہترین تفریحی فلم ہے۔

’ فیوچر تو برائٹ ہے جی‘‘ دیکھنے والے بوریت کا احساس نہیں ہوتا۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
اس فلم کے نمایاں اداکاروں میں عامر بشیر، سونل سہگل، ستیش کوشک اور اسرانی شامل ہیں۔ہدایات سنجے امر نے دی ہیں جب کہ یہ ریئل لائف پروڈکشنز کی پیش کش ہے۔

اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ فلم بیں سپراسٹارز کی فلمیں پسند کرتے ہیں اور میڈیا میں بھی ان فلموں کو بھرپور کوریج ملتی ہے، تاہم کچھ فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو کاسٹ میں بڑے ناموں کی عدم موجودگی اور برائے نام پبلسٹی کے باوجود بھی آڈینس کی توجہ حاصل کرلیتی ہیں۔ اس کی وجہ ان فلموں کی بہترین کہانی، پردے پر کہانی کو پیش کرنے کا بہترین انداز اور اداکاروں کی اچھی پرفارمینس ہوتی ہے۔ '' فیوچر تو برائٹ ہے جی'' کا شمار بھی انھی فلموں میں ہوتا ہے۔


اس مزاحیہ فلم میں ایک شادی شدہ جوڑے کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ اجے کمار ( عامر بشیر) ایک رائٹر ہے جو فلموں کے اسکرپٹ اور ٹیلی ویژن کے لیے ڈرامے لکھتا ہے لیکن وہ کوئی کام یاب رائٹر نہیں ہے۔ اس کی بیوی سونیا سنگھ ( سونل چوہان) ڈراموں کی اداکارہ ہے لیکن اس کا کیریر بھی مشکلات سے دوچار ہے۔ وہ شہرکے گنجان آباد علاقے میں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتے ہیں۔ منہگے علاقے میں خوب صورت سا اپارٹمنٹ اور پُرتعیش زندگی سونیا کا خواب ہے۔ وہ خوابوں کی دنیا میں رہتی ہے جب کہ اجے ایک حقیقت پسند انسان ہے وہ سمجھ سکتا ہے کہ ان کی مالی حالت کے پیش نظر پُرتعیش زندگی کے خواب کا حقیقت میں بدلنا ناممکن ہے۔ ایک روز سونیا اپنی دوست کے ساتھ ایک نجومی کے پاس جاتی ہے۔ وہ محدب عدسے سے سونیا کے ہاتھ کی لکیروں کا بغور جائزہ لیتا ہے اور اسے یہ خوش خبری سناتا ہے کہ اس کا مستقبل روشن ہے۔ یہاں سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے۔

اس فلم میں سنجے امر کی ہدایت کاری شان دار رہی ہے۔ اس نے ہر اداکار سے اس کی صلاحیتوں کے مطابق بھرپور کام لیا ہے۔ فلم کا اسکرپٹ بھی مضبوط ہے۔ فلم دیکھنے والے کو کسی بھی لمحے بوریت کا احساس نہیں ہوتا۔ سنیماٹوگرافی بھی عمدہ ہے۔

فلم کی مرکزی جوڑی نے شان دار اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ عامر بشیر بارہ برس سے اداکاری کررہے ہیں۔ '' اے ویڈنزڈے'' اور '' پیپلی لائیو'' جیسی فلموں میں ان کی اداکاری آج بھی شائقین فلم کو یاد ہے۔ اس فلم میں بھی ان کی اداکاری کا معیار بلند رہا ہے۔ فلم کی ہیروئن سونل سہگل کو بھی فلم انڈسٹری میں کئی برس گزرچکے ہیں۔ '' آشائیں'' اس کے کیریر کی یادگار فلم تھی جس میں اس کی ادکاری پر فلمی مبصرین نے اسے مستقبل کی اسٹار قرار دیا تھا۔ اس فلم میں بھی سونل نے اپنی اداکاری کا معیار برقرار رکھا ہے۔ ستیش کوشک اور اسرانی سینیئر اداکار ہیں۔ ان کے طویل تجربے کی جھلک ان کی پرفارمینس میں نظر آرہی ہے۔ مجموعی طور پر '' فیوچر تو برائٹ ہے جی''بہترین تفریحی فلم ہے۔
Load Next Story