بھارت میں میچ دیکھنے میں مگن ڈاکٹرز کی وجہ سے مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

ڈاکٹرز نے مریض کی حالت پر کوئی خاص توجہ نہیں دی اور صرف وارڈ میں منتقل کردیا، اہل خانہ


ویب ڈیسک April 03, 2016
ڈاکٹرز میچ دیکھنےمیں اتنے مگن تھے کہ زخمی شخص کو طبی امداد دینا ہی بھول گئے،بھارتی میڈیا فوٹو:فائل

MULTAN: بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیمی فائنل میچ دیکھنے میں مصروف ڈاکٹرز کی غفلت کی وجہ سے نوجوان زندگی کی بازی ہارگیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بخار اپنے عروج پر ہے اور اس ایونٹ نے ہر ایک شخص کو اپنے سحر میں جکڑ کر رکھا ہواہے، بچہ ہو یا بوڑھا، مرد ہویا خواتین سب ہی کی زبان پرعالمی کپ کے چرچے ہیں بالخصوص بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والا سیمی فائنل اتنا سنسنی خیز تھا کہ اس کے سحر نے ڈاکٹرز تک کو نہ چھوڑا اور ڈاکٹرز کی اس غفلت کے باعث نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان جاری سیمی فائنل کے دوران ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کے ضلع متھورا کے اسپتال میں 30 سالہ زخمی شخص کو لایا گیا جو جھگڑے کے دوران زخمی ہو گیا تھا لیکن ڈاکٹرز میچ دیکھنےمیں اتنے مگن تھے کہ زخمی شخص کو طبی امداد دینا ہی بھول گئے جس کے باعث وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

دوسری جانب نوجوان کے اہل خانہ نے اسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی عدم توجہ اورمجرمانہ غفلت کے باعث ہمارا مریض زندگی کی بازی ہارگیا جب کہ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں