پاک ایران تعلقات خوشگوار ہیں اور رہیں گے

بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے بعد کچھ قوتیں خفیہ طور پر پاک ایران تعلقات میں رخنہ پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہو چکی ہیں


Editorial April 04, 2016
بلاشبہ پاک ایران تعلقات خوشگوار ہیں اور خوشگوار رہیں گے۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران پاکستان کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، 'را' کے ایجنٹ کی گرفتاری پاک ایران تعلقات سے نہ جوڑی جائے، ایسا تاثر دینا کہ ایران پاکستان کے خلاف کسی سازش کا حصہ ہے درست نہیں، اس سے پاک ایران تعلقات کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان کے عوام ایرانی عوام سے محبت کرتے ہیں، بھارتی جاسوس کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ بلاشبہ پاکستان اور ایران کے آپس میں تعلقات گہرے چلے آ رہے ہیں۔

اب کچھ غیر ملکی قوتیں جن میں بھارت بھی شامل ہے، کی یہ کوشش ہے کہ ان تعلقات میں بگاڑ پیدا کیا جائے، اس مقصد کے لیے بھارت ایران کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ بھارت ایران کے علاقے چاہ بہار میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی منصوبے تشکیل دے رہا ہے جہاں اس کے انجینئر اور لیبر فورس کام کر رہی ہے، ان ورکروں کی آڑ میں اس نے وہاں اپنے جاسوس بھی شامل کر دیے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ ایک عرصے سے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرتا چلا آ رہا ہے اور افغان حکومت نے اس کی ان مذموم کارروائیوں کو روکنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جس کا پاکستان ہمیشہ شکوہ کرتا رہا ہے لیکن افغان حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی، اب بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد کچھ قوتیں خفیہ طور پر پاک ایران تعلقات میں رخنہ پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہو چکی ہیں۔

پاکستانی حکومت کی یہ بھرپور کوشش ہے کہ وہ ان قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنا دے یہی وجہ ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کو یہ کہنا پڑا کہ غلط تاثر دینے سے پاک ایران تعلقات کو نقصان پہنچا جب کہ پاکستانی حکومت اور عوام ایران سے بہترین تعلقات کے لیے پرعزم ہیں۔ ایرانی حکام بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ پاک ایران تعلقات خراب کرنے کے لیے سرگرم قوتیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی اور دونوں ممالک ایک دوسرے سے بہترین تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ بلاشبہ پاک ایران تعلقات خوشگوار ہیں اور خوشگوار رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں