محرم میں فراہمی و نکاسی آب کیلیے ایمرجنسی سیل قائم

امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر پانی کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی، ایم ڈی واسا


Numainda Express November 13, 2012
حیدرآباد کے تینوں شہری تعلقوں میں پینے کے پانی کی کمی کو پورا کرنے اور اس ضمن میں شکایات کے فوری ازالے کیلیے ایمرجنسی سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ذیلی شعبہ واسا نے محرم الحرام کے مہینے میں شہریوں با لخصوص عزاداروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلیے پلان ترتیب دیا ہے۔

جس کے تحت حیدرآباد کے تینوں شہری تعلقوں میں پینے کے پانی کی کمی کو پورا کرنے اور اس ضمن میں شکایات کے فوری ازالے کیلیے ایمرجنسی سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایم ڈی واسا کے دفتر میں مرکزی ایمر جنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ محرم کے دوران نکاسی و فراہمی آب کے بارے میں ممکنہ شکایات اور مسئلے کو بر وقت حل کیا جا سکے۔ محرم الحرام کے دوران پانی کی فراہمی کے دورانیے کو بڑھا دیا جائے گا، اس کے علاوہ امام بارگاہوں اور جن علاقوں میں پانی کی قلت ہوگی وہاں ادارے کے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس ضمن میں ٹھنڈی سڑک پر واقع پمپنگ اسٹیشن پر ایک شکایتی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کا فون نمبر 9200106ہے۔ پلان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں پر نکاسی آب کی ٹوٹی ہوئی لائنوںکی مرمت کرنے کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ تینوں شہری علاقوں کے تمام محلوں، گلیوں اور سڑکوں سے کوڑا کرکٹ ہٹانے اور صفائی کے بھی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ایم ڈی واسا نے حیسکو انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے دوران تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو لوڈ شیڈنگ سے قرار دیں تاکہ واسا صارفین کو فراہمی و نکاسی آب کی سہولتیں فراہم کرنے کو یقینی بنا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں