پانامہ لیکس کی رپورٹ نے شریف خاندان کی سچائی پر مہر ثبت کردی ہے پرویز رشید

نواز شریف کے کاروبار پر بے نظیر بھٹو اور پرویز مشرف نے بھی حملے کئے لیکن کرپشن ثابت نہیں کرسکے ، پرویز رشید


ویب ڈیسک April 04, 2016
عمران خان بتائیں کے ان کے بچے کہاں مقیم ہیں اور ان کی فیسیں کون ادا کرتا ہے ، پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس نےعمران خان کے الزامات مسترد کرکے نواز شریف کی سچائی پر مہر ثبت کردی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ شریف خاندان طویل عرصے سے کاروبار کرکے یہاں تک پہنچا ہے، شریف خاندان کے ساتھ ماضی میں زیادتیاں ہوئی ہیں، مختلف ادوار میں شریف خاندان کے قومیائے گئے اثاثوں پر ایک پیسہ نہیں دیا گیا، دور آمریت میں پورے شریف خاندان کو ملک بدر کیا گیا، وزیر اعظم کے بیٹوں کو آمریت کے دور میں زبردستی ملک سے دور رکھا گیا،کیا الزمات لگانے والوں کے بچے باہر خیرات پر پل رہے ہیں، عمران خان کےبیٹے بھی بیرون ملک رہائش پذیر ہیں، ان کے اخراجات کون برداشت کرتا ہے۔ ان کی فیسیں کون دیتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف خاندان باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتا ہے جب کہ عمران خان نے پانچ سال میں صرف دھرنا دیا، دھرنے کی وجہ سے سی پیک منصوبہ ڈیڑھ سال تاخیرکا شکارہوا۔ ہم نے اتنے بڑے کام کیے ہیں کہ 2018 میں عوام ہمیں ووٹ دیں گے، نوازشریف کے بچے طویل عرصے سے ملک سے باہر ہیں لیکن ان کے بچے ٹیکس بھی دیتے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایمانداری کی گواہی ان کے بدترین دشمن بھی دیتے ہیں، بےنظیربھٹو نےاعتراف کرلیا تھا کہ نواز شریف نے سرکاری کام میں غفلت نہیں کی، وزیر اعظم نواز شریف کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں، اس کی تصدیق پاناما پیپرز کی رپورٹ نے بھی کردی ہے، اس رپورٹ میں عمران خان کے الزامات مسترد کردیئے گئے ہیں، عمران خان اپنے الزامات غلط ثابت ہونے پر معافی مانگیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست اور معیشت کو نہیں سمجھتے، وہ پاناما لیکس پر نیب میں جائیں اور اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو وہ عدالتوں میں جائیں لیکن میڈیا ٹرائل کرنا ان کی عادت ہے، عمران خان کو بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے، عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر کسی اور کو پتھر نا ماریں اپنےبارے میں سوچیں عمران خان کی بنی گالہ کی ادائیگیاں متنازع ہیں، آج بھی ان ادائیگیوں کو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، ہم عمران خان سے متعلق باتوں کو نہیں کھولنا چاہتے۔ ہم عمران خان پر کیچڑ اچھالنے پر آئے تو پھر وہ بچ نہیں پائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہے ہیں لیکن اپنے ہی اداروں پر دشمنوں کی طرح الزامات لگائے جارہے ہیں یہ کام بھارت کا ہے کسی پاکستانی کا نہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں