انگلینڈ نے ٹیسٹ نمبر ون بننے کا خواب دیکھنا شروع کردیا

بھارت کیخلاف بڑے مارجن سے فتح کے ساتھ روایتی حریف آسٹریلیا کی مدد بھی درکار۔


Sports Desk November 13, 2012
بھارت کیخلاف بڑے مارجن سے فتح کے ساتھ روایتی حریف آسٹریلیا کی مدد بھی درکار۔ فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے بھی دوبارہ ٹیسٹ نمبرون ٹیم بننے کے خواب دیکھنا شروع کردیے۔

بھارت کیخلاف بڑے مارجن سے فتح کے ساتھ روایتی حریف آسٹریلیا کی مدد بھی درکار ہوگی، ادھر دھونی الیون سیریز جیت کر بھی صرف تیسرے نمبر تک ہی پہنچ پائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت جہاں آسٹریلیا میں نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن کی جنگ جاری ہے وہیں بھارت میں انگلش ٹیم بھی دوبارہ ٹاپ اعزاز پانے کے خواب دیکھ رہی ہے، کینگروز سیریز کسی بھی مارجن سے جیت لیں تو ٹاپ ٹیسٹ ٹیم بن جائیں گے، پروٹیز سیریز برابر کرکے بھی اپنا اعزاز بچانے میں کامیاب رہیں گے مگر ان دونوں کی کشمکش ایک جانب انگلش ٹیم کے پاس بھی نمبرون ٹیم کا اعزاز پانے کا ایک چانس موجود ہے۔

وہ اس اعزاز سے جولائی میں محروم ہوئے جب پروٹیز نے شکست دے کر ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر جگہ پالی تھی۔ انگلینڈ کیلیے یہ ٹارگٹ حاصل کرنا مشکل ضرور مگر ناممکن نہیں لیکن اس کیلیے اسے اپنے صدیوں پرانے حریف آسٹریلیا کی مدد درکار ہوگی۔ اگر آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے خلاف 1-0، 2-0 یا 2-1 سے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز جیت لے تب ٹاپ رینک ٹیم بن جائے گا مگر انگلینڈ بھارت کو 3-0 یا 4-0 کے مارجن سے زیر کرکے اسے وہاں سے ہٹاسکتا ہے۔ اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں سیریز برابر بھی ہوجائے تب بھی انگلش ٹیم کے پاس 3-0 یا 4-0 کی فتح سے اپنا مقصد حاصل کرنے کا موقع موجود ہوگا۔

مگر پروٹیز آسٹریلیا کو سیریز میں کسی بھی مارجن سے زیر کرکے اس کا یہ خواب چکنا چور کرسکتے ہیں۔ ایک اور سابق نمبرون ٹیم بھارت بھی پھر سے رینکنگ بہتر کرنے کی فکر میں ہے لیکن اگر اس نے انگلش ٹیم کو اپنے گرائونڈز پر 2-0 یا اس سے بہتر مارجن سے زیر کر بھی لیا تب بھی صرف پانچویں نمبر سے تیسری پوزیشن تک ہی جاسکے گا، اس وقت دھونی الیون اپنے روایتی حریف پاکستان سے بھی نیچے ہے جو چوتھی پوزیشن سے لطف اندوز ہورہا ہے۔دونوںٹیمیں ٹیسٹ کرکٹ میں تو مد مقابل نہیں ہورہیں البتہ آئندہ ماہ ٹوئنٹی20اور ون ڈے میچز کی سیریز کا انعقاد ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں