گم شدہ بلیوں کی اطلاع دیں اورلاکھوں کے انعام پائیں

بھاری انعامی رقم کے باوجود ابھی تک اسے پالتو بلیوں کی تلاش میں کام یابی نہیں ملی۔


ع۔ر April 05, 2016
بھاری انعامی رقم کے باوجود ابھی تک اسے پالتو بلیوں کی تلاش میں کام یابی نہیں ملی۔:فوٹو : فائل

کچھ اشیاء کسی کے لیے بہت قیمتی مگر دوسروں کے لیے بے وقعت ہوتی ہیں۔ چیزوں کے ساتھ وابستہ جذبات انھیں اس شخص کے لیے قیمتی بنادیتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ فلوریڈا کے رہائشی اسٹیو روسن کے ساتھ ہے۔

اسٹیو نے بلّیاں پال رکھی تھیں۔ ان میں سے چھے پچھلے سال پُراسرار طور پر اس کے گھر سے غائب ہوگئیں۔ بعد میں ایک بلّی ازخود واپس آگئی مگر پانچ ہنوز لاپتا ہیں۔ اسٹیو کو بلّیوں سے بے انتہا لگاؤ ہے، یہی وجہ ہے کہ اس نے گم شدہ بلیوں کا سراغ لگانے کے لیے بھاری معاوضے پر ایک سراغ رساں کی خدمات حاصل کرنے کے علاوہ ان کی مخبری کرنے والے کو 30000 ڈالر( تیس لاکھ روپے سے زائد) دینے کا اعلان بھی کردیا ہے، مگر بھاری انعامی رقم کے باوجود ابھی تک اسے پالتو بلیوں کی تلاش میں کام یابی نہیں ملی۔

روسن نے ایک کلینک کھول رکھا ہے جس میں دانتوں اور جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹر پریکٹس کرتے ہیں۔ اس کی چہیتی بلیوں کی گم شدگی کی شروعات گذشتہ برس مارچ میں ہوئی تھی۔ پچھلے ماہ تک وقفے وقفے سے چھے بلیاں غائب ہوگئیں ، جن میں سے ایک کچھ دنوں کے بعد واپس آگئی تھی۔

روسن کا کہنا ہے یہ جانور اسے اپنی اولاد کی طرح عزیز تھے۔ ان کی گم شدگی پر اسے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے جگرگوشوں سے محروم ہوگیا ہو۔ روس نے بلّیوں کی گم شدگی کے خدشے کے پیش نظر ان کے جسم میں مائیکروچِپس نصب کروادی تھیں اور ان کے گلے میں ریڈیو کالر ڈالے گئے تھے، اس کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہ ملنا حیرانی کی بات ہے۔ پہلے پہل اس نے اپنے طور پر انھیں ڈھونڈنے کی کوشش کی، مگر حیران کُن طور پر مائیکروچپس سے کوئی سگنل موصول نہیں ہوئے۔

اس سے اندازہ ہوتا تھا کہ بلیاں ازخود کہیں نہیں گئیں بلکہ کوئی انھیں وقفے وقفے سے غائب کررہا تھا اور وہ شخص ان کے جسم میں مائیکروچپ کی موجودگی سے بھی آگاہ تھا۔ روسن کی پالتو بلیاں عام گھریلو بلیاں تھیں اس لیے ان کا مالی فائدے کے لیے چُرایا جانا بھی بعیدازقیاس تھا۔ اس لیے اندازہ ہوتا ہے کہ کسی نے محض ذاتی مخاصمت کی وجہ سے اسے بلیوں سے محروم کردیا ہے۔ بلیوں کی تلاش میں ناکام ہونے کے بعد روسن نے پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس بھی اب تک چور اور مال مسروقہ کا سراغ نہیں لگاسکی۔ چناں چہ اس نے دس ہزار ڈالر عوض سراغ رساں کی خدمات حاصل کرنے کے علاوہ آخری کوشش کے طور پر بھاری انعام کا اعلان بھی کردیا ہے جو اس کی پیاری بلیوں کی بازیابی میں معاونت کرنے والے کو دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں