کراچی میں بد امنی برقرار مزید11افراد ہلاک جماعت اہلسنت کی ریلی پر فائرنگ 2بسیں نذر آتش

فائرنگ سے 3ا فرادزخمی ہوگئے،پاکستان بازار،ڈسکوموڑ،سلطان آبادمیں3ہلاکتیں،ایک سوختہ لاش ملی


Staff Reporter November 13, 2012
کراچی: نامعلوم افراد کے ہاتھوں جلائی گئی بسوں سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں پیرکوبھی بدامنی کاسلسلہ جاری رہا،فائرنگ کے مختلف واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ اور اہلسنّت والجماعت کے کارکنوں اورڈاکٹرسمیت مزید 11 افراد ہلاک جبکہ خاتون اور بچے سمیت7 زخمی ہوگئے۔

ہنگامہ آرائی کے دوران 2 بسیں بھی نذر آتش کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ملیرمیمن گوٹھ میں واقع نیشنل بینک کے قریب نامعلوم مسلح افرادنے رکشاپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد30 سالہ عبدالشکور اور 45سالہ محمدحنیف جاں بحق ہوگئے،فائرنگ سے 10 سالہ بچہ عبید محمد حنیف زخمی ہوگیا، مقتولین آپس میں داماد اور سسر ہیں،مقتولین کابشیرانامی ڈاکوسے پرانا تنازع چل رہاتھا اوردونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے تھے،مقتولین اولڈ تھانہ میمن گوٹھ اور جان محمد گوٹھ کے رہائشی تھے۔لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں شیدی ولیج روڈپرواقع کلینک میں بیٹھے 45 سالہ ڈاکٹرنثاراحمدسہتوکو نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے۔

ہلاک ہونے والاڈاکٹر لیاری جنرل اسپتال میں تعینات تھااور اسپتال میں رات کی شفٹ کرنے بعدشیدی ولیج روڈ پر واقع کلینک میں بطور کنسلٹنٹ فرائض انجام دیتاتھا،ان کا آبائی تعلق خیرپور سے تھا۔یوسف گوٹھ میں واقع آستانے میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 65 سالہ عامل زین العابدین عرف بنگالی کوقتل کردیاجبکہ فائرنگ کی زد میں آکر اس کی بیٹی22 سالہ یاسمین زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق مقتول زین العابدین نے رمردی پٹھان نامی شخص کی جگہ پرآستانہ بنایاہواہے اور پیر کو 6 سے زائد مسلح ملزمان زین العابدین کے آستانے پر آئے اور زمین خالی کرنے کا کہا جس پر تلخ کلامی ہوگئی اور اسی دوران مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے زین العابدین ہلاک ہوگیا۔سلطان آبادمیں ڈگری کالج کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے58سالہ بخت میرہلاک ہو گیا۔

مقتول پختون آبادکارہائشی تھا۔اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ سے 17 سالہ نوجوان کی تشددزدہ لاش ملی،مقتول کو تشددکانشانہ بنانے کے بعدجلا کر ہلاک کیا گیا،ا س کی شناخت نہیں ہوسکی۔خواجہ اجمیر نگری میں دومنٹ چورنگی کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ عرفان ہلاک ہوگیا،اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید کے مطابق عرفان ولد اسحاق اہلسنت و الجماعت کا کارکن تھاجسے دو منٹ چورنگی کے قریب ملت عثمانی مسجد کے سامنے فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا۔اورنگی ٹائون کے علاقے بنگلہ بازارمیں پیدل آنے والے ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ محمد شمشادالحسن ہلاک ہوگیا ۔

مقتول بنگلہ بازارمرغی مارکیٹ میں اپنی گلی میں کھڑا تھا کہ پیدل آنے والے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے ۔مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 121 کار کارکن تھا جسے سر اور گردن پر گولیاں مار کر ہلاک کیاگیا۔پاکستان بازارکے ہی علاقے غازی آبادمیں فائرنگ سے 25 سالہ محمدبشیر عرف چھوٹاہلاک ہوگیا،مقتول شاہ فیصل کالونی ریتہ پلاٹ مکان نمبر L-52 کا رہائشی تھا جوکہ اپنے رکشا رجسٹریشن نمبر D-73733 پر آیا تھا۔گلشن اقبال بلاک 7 میں ڈسکوموڑ کے قریب پنکچرکی دکان پرفائرنگ سے 40 سالہ فاروق ہلاک جبکہ دکان کا مالک اسماعیل زخمی ہوگیا۔

مقتول پہلوان گوٹھ گلستان جوہرکارہائشی اورمقامی مدرسے میں بچوں کو دینی تعلیم دیتا تھا،مقتول کا آبائی تعلق اوکاڑہ سے تھا۔اتوار 11 نومبرکوسہراب گوٹھ میں ایدھی سردخانے کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا30سالہ جاویداقبال عرف ٹیپو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،مقتول انچولی کا رہائشی تھا۔واٹرپمپ چورنگی کے قریب نمائش چورنگی جانے کیلیے جماعت اہلسنت پاکستان کی ریلی گزررہی تھی، اسی دوران اورنگی ٹائون میں ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے باپ اور 2 بیٹوںکاجلوس جنازہ بھی واٹر پمپ سے سپر ہائی وے کی جانب گامزن تھا کہ نامعلوم افرادنے فائرنگ کردی۔

جس سے بھگدڑ مچ گئی،فائرنگ اتنی شدید تھی کہ پورا علاقہ گونج اٹھااور علاقے میں دکانیں و کاروباربندہوگیا۔فائرنگ کے باعث 3 افراد 23 سالہ صفدر، 32 سالہ محمد علی اورغلام مصطفی زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعدنامعلوم افراد نے 2 بسیں EC-0006 اور EF-0786 نذر آتش کردیں ،ہنگامہ آرائی اورجلائوگھیرائوکے باعث فیڈل بی ایریا،واٹر پمپ، انچولی،سمن آبادودیگرمتصل علاقوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ینجرزکی بھاری نفری پہنچ گئی۔

پولیس حکام نے ایکسپریس کوبتایاکہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا،دو جلوسوں کے شرکا کااچانک ایک دوسرے سے سامنا ہوگیاتھا،واقعے سے متعلق کسی بھی فریق نے مقدمہ درج کرانے کیلیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا،تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعدصورتحال پر قابو پالیاگیا۔شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں سوئیڈش کالج میں طلباتصادم کے دوران فائرنگ سے خورشیدخان زخمی ہوگیا ۔کورنگی زمان ٹائون کی حدودمیں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے اسماعیل زخمی ہوگیا۔سہراب گوٹھ میں بس اڈے پر نامعلوم افرادکریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا،کریکر حملے کے باعث ایک گاڑی کوبھی شدیدنقصان پہنچا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں