قتل و غارت جاری ہے آئندہ دور کا نٹوں کا بستر ہو گا نواز شریف

ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، عوام ساتھ دیں ملک کی تقدیر بدل دینگے، کراچی کو لاہور جیسا پر امن دیکھنا چاہتا ہوں

لاہور، ن لیگ کے صدر نواز شریف یوتھ انٹرن شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو :ایکسپریس

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔


حکومت ورثے میں غربت، لوڈ شیڈنگ، قتل و غارت ، بدامنی، انتشار اور بھتہ خوری چھوڑ کر جارہی ہے، آنے والا دور پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں کا بسترہوگا لیکن ہم بھی ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں، عدلیہ اور اسمبلی توڑ نے والے کو گارڈ آف آنر دیا جا تا ہے، لاہور جیسا پرامن کراچی کو دیکھا چاہتا ہوں، میرے اقتدار میں مثبت تبدیلیوں کی لہرآئی تھی، پاکستان ایشین ٹائیگر بنا، عوام کے ساتھ ملکر ایک بار پھر ترقی کا سفر شروع کرینگے، اگر ایسا نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کرینگی۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں طلبہ کو انٹرن شپ سرٹیفکیٹ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلیے ہمارے کام تاریخ کا حصہ بن چکے، ہم اپنے ہر دور میں حالات کو بدلتے ہوئے بلندیوں کی طرف گامزن ہوئے، ملکی معیشت 1990ء کی رفتار سے آگے بڑھتی رہتی تو ہم کوریا تو درکنار جاپان جیسے ملکوں سے بھی کہیں آگے ہوتے۔

آج کوئی دن نہیں گزرتا جب خود کش حملے اور دھماکے نہ ہوں،میرے دور میں کبھی ایسے گھنائونے کام ہوتے نہیں دیکھے گئے، بلوچستان، سندھ اور پنجاب سب پر امن تھے، آج جو بھوک ناچ رہی ہے وہ غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ، اسمبلیاں، قانون توڑنے اور بے گناہوں کو پھانسیاں چڑھانے والوں کو گارڈ آف آنرکے ساتھ رخصت کیا، ہم نے آج اسٹیڈیم میں ہونہار طلبہ کو سلامی پیش کی کیونکہ یہی قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، دل چاہتا ہے ایسے مناظر بار بار دیکھوں، دعا ہے ایسا ماحول کراچی سمیت سندھ، بلوچستان، گلگت و بلتستان میں بھی نظر آئے اور پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے۔ آن لائن کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دائیں اور بائیں والے دیں تب ہی ملک کے مسائل حل ہو سکیں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے صنعتوں کو نیشنلائز کر کے ملک کو نقصان پہنچایا، ہم ملک کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story