کراچی کے ضمنی انتخابات میں ٹھپے لگانے کی تیاری کی جارہی ہے فاروق ستار

نومولود سیاسی مخالفین وارد ہوئے ہیں جو غلط زبان استعمال کررہے ہیں، رہما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک April 05, 2016
ایم کیوایم کی خوشیاں ہضم نہیں ہورہی جس کے لئے مختلف قسم کی سازشیں کی جارہی ہیں، فاروق ستار فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 7 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ کم ہونے کو جواز بنا کر ٹھپے لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 7 اپریل کو کراچی کے دو حلقوں پر ضمنی انتخاب کے لیے ایم کیوایم نے سب سے زیادہ کارنر میٹنگز کیں، لائنز ایریا میں سیاسی جماعتوں کوخوش آمدید کہا، بلدیاتی انتخابات میں تو انہیں شہر کی میئرشپ کا آسرا دیا گیا تھا ،ہم پرامن انتخابات کےلئےجوکرسکتےہیں وہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2اپریل کو پہلی بارپی ٹی آئی کا امیدوار سامنے آیا، اس سے پہلے تک صورت حال بالکل ٹھیک تھی لیکن اس کے بعد سے ہمارے روایتی مخالفین کی طرف سے پروپیگنڈا ہورہاہے، تاثر دیا گیا کہ ایم کیوایم نے پی ٹی آئی کیمپ پرحملہ کیا جس میں کوئی حقیقت نہیں کیونکہ جب سیدھا سیدھا الیکشن ہورہاہے تو ایم کیو ایم کو اشتعال انگیزی کی کیا ضرورت ہے۔ 2اپریل کو ناظم آباد میں ہونے والے واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ اشتعال انگیزی ہمارا نصب العین نہیں ہے، مخالفین کی اشتعال انگیزی کے باوجود پر امن ہیں، نومولود سیاسی مخالفین وارد ہوئے ہیں جو غلط زبان استعمال کررہے ہیں، ہمارے دفاتر پر حملے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی خوشیاں ہضم نہیں ہورہی جس کے لئے مختلف قسم کی سازشیں کی جارہی ہیں ،انتخابی عمل سے ہمارے ووٹرز کو دور رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، ٹرن آؤٹ کم ہونے کو جواز بنا کر ٹھپے لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں