کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی سے برآمد رقم ضبط 5 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد

کسٹم حکام کی جانب سے رقم کی ضبطگی اور جرمانہ غیر قانونی ہے جسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا، ایان علی کے وکیل کا موقف


ویب ڈیسک April 05, 2016
ماڈل ایان علی پر 5 کروڑ جبکہ ان کے 2 سہولت کاروں ممتاز اور محمد اویس پر 5 ، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے : فوٹو :فائل

کسٹم حکام نے ایان علی سے برآمد ہونے والی 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی رقم ضبط کرتے ہوئے سپر ماڈل پر اسی رقم کے برابر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کسٹم کلکٹر اسلام آباد محمد علی رضا نے ماڈل ایان علی سے برآمد ہونے والے پانچ لاکھ 8 ہزار 6 سو ڈالرز ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کلکٹر علی رضا نے ایان علی پر برآمدی رقم کے برابر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ جو پاکستانی کرنسی کے مطابق 5 کروڑ روپے کی رقم بنتی ہے۔ جبکہ ایان علی کے دو سہولت کاروں پراپرٹی ڈیلر ممتاز اور محمد اویس پر بھی 5 ، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

کسٹم کلکٹرعلی رضا کا کہنا تھا کہ ملزمہ کو بار بار سمن جاری ہونے کے باوجود بھی پیش نہ ہونے پر کارروائی کی گئی ہے جب کہ ایان علی کے وکیل نے کسی بھی قسم کے نوٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے مقدمہ ابھی عدالت میں زیر سماعت اس لیے کسٹم حکام کی جانب سے دیا جانے والا یہ فیصلہ غیر قانونی ہے جسے عدالت میں چیلنج کریں گے ۔

واضح رہے کہ ایان علی گزشتہ برس بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی غیر قانونی طور پر دبئی لے جاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں