اقبال حیدر کے انتقال سے تاریخ کا ایک روشن باب ختم ہوگیا الطاف حسین

مرحوم نے پوری زندگی انسانی حقوق کیلیے جدوجہد کی ، وہ اصولوں پر ڈٹ جانیوالے تھے

متحدہ کے قائد کا مرحوم کی اہلیہ، صاحبزادے سے فون پر رابطہ، دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار. فوٹو: فائل

متحدہ قومی موئومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ انسانی حقوق کمیشن کے سابق چیئرمین اورممتازقانون داں اقبال حیدرکے انتقال سے انسانی حقوق کی جدوجہد کی تاریخ کاایک روشن باب ختم ہوگیا ہے۔


انھوں نے یہ بات پیر کو مرحوم کے صاحبزادے حمادحیدرسے فون پرتعزیت کرتے ہوئے کہی۔ مرحوم سے اپنے رابطوں اوران کی جدوجہدکاذکرکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ مرحوم نے پوری زندگی انسانی حقوق اور مذہبی رواداری کے لیے جدوجہدکی ، وہ اصولوں پر ڈٹ جانے والی اوراصولوں کی خاطر لڑنے والی ایک عظیم شخصیت تھے ،آج اصولوں پر ڈٹ کراورجم کرمقابلہ کرنے والاایک بہادرشخص دنیاسے چلاگیاہے، انسانی حقوق کی جہدمسلسل کی تاریخ چلی گئی ہے۔انھوں نے حمادحیدرسے کہاکہ آپ کے والد نے پوری زندگی جس جدوجہدکے لیے صرف کی آپ بھی اس جدوجہد کا سہارا بنیں۔

دریں اثنا اقبال حیدر مرحوم کی اہلیہ عفت اقبال سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ شوہر کے انتقال سے آپ جس صدمے سے گزررہی ہیں میں اس کااندازہ لگاسکتا ہوں، جوکیفیت آپ کی ہے وہ کسی اور کی نہیں ہوسکتی،ان کے انتقال سے آپ کا جو نقصان ہوا ہے وہ پورا نہیں ہوسکتا،عفت اقبال نے الطاف حسین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ مرحوم آپ کا بہت احترام کرتے تھے اورآپ بھی انھیں بھائی سمجھتے تھے اسی لیے ان کے اچانک انتقال سے آپ کی تشویش اورصدمہ برحق ہے، انھوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں آپ اور آپ کی جماعت نے ہمارا بھرپورساتھ دیا ہے جسے ہم سب گھروالوں نے محسوس کیا ہے ،آپ نے جس طرح ہماری دلجوئی کی ہے اس پر پورا خاندان آپ کامشکور ہے ۔
Load Next Story