لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مزید 3 مجرموں کو پھانسی

سزائے موت پانے والوں میں اسلام آباد کے 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔


ویب ڈیسک April 06, 2016
ملک بھر میں اب تک قتل کے 400 سے زائد مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: کوٹ لکھپت جیل میں 2 سگے بھائیوں سمیت قتل کے 3 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے 3 مجرموں کو علی الصبح پھانسی دی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔

اسلام آباد کے رہائشی سگے بھائیوں عمران اور لقمان نے 1996 میں وفاقی دارالحکومت میں معمولی تنازع پر علی نامی شہری کو قتل کردیا تھا، مقامی عدالت نے دونوں مجرم بھائیوں کو 1997 میں سزائے موت سنائی تھی۔ سزائے موت پانے والے تیسرے مجرم راحیل نے 1994 میں سرگودھا میں ایک شہری کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد سے ملک میں دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک فورسز اور سرکاری اداروں کے افسران کے قتل میں ملوث دہشت گردوں سمیت 400 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں