پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان سمیت پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا شہبازشریف

پاکستان اورچین کے درمیان لازوال دوستی مفید معاشی تعلقات میں ڈھل چکی ہے، شہباز شریف

سانحہ گلشن اقبال پارک سے پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا ہے، شہبازشریف فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہورہاہے اور ان منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کوغیر معمولی فائدہ پہنچے گا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہورمیں چین کے قونصل جنرل یوبورن نے وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے سانحہ گلشن اقبال پارک پراظہارافسوس کیا۔

ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ سفاک درندوں نے گلشن اقبال پارک میں بربریت کا گھناؤنا کھیل کھیلا، پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی مفید معاشی تعلقات میں ڈھل چکی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہورہاہے، ان منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کوغیر معمولی فائدہ پہنچے گا۔
Load Next Story