محسن ایک بار پھر ٹیم کو بلندیوں پر لے جانے کے خواہشمند

کوچ بننے کی خواہش ضرور ہے مگر ابھی درخواست دینے کا فیصلہ نہیں کیا، سابق اسٹار

سزا یافتہ کرکٹرز پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ کا حصہ نہیں بننا، ہمیشہ موقف پرقائم رہوں گا فوٹو: فائل

SINGAPORE/NEW DELHI:
محسن حسن خان ایک بار پھر قومی ٹیم کو بلندیوں پر لے جانے کے خواہشمند ہیں،انھوں نے کہا کہ میں کوچ بن کر ملک کیلیے خدمات انجام دینا ضرور چاہتا ہوں البتہ ابھی درخواست دینے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا۔


نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ اوپنر نے کہا کہ میں نے کوچ کی حیثیت سے کئی کامیابیاں سمیٹیں اور اب پھر یہی کام کرنا چاہتا ہوں، میرے دور میں ٹیم کی جو کارکردگی تھی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اب پھر اسے بلندیوں پر لے جانے کی خواہش ہے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنے اصولی موقف پر قائم رہوں گا کہ کبھی سزا یافتہ کرکٹرز پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ کا حصہ نہیں بننا، انھوں نے تصدیق کی کہ شہریارخان نے چیف سلیکٹر بننے کا کہا تھا تاہم وہ کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں، درخواست دینے کے سوال پر محسن خان نے کہا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا البتہ جلد کوئی قدم اٹھالوں گا۔

واضح رہے کہ محسن خان نے 2012 میں مختصر عرصے کیلیے گرین کیپس کی کوچنگ سنبھالی اور اس دوران ٹیم نے انگلینڈ کو 3-0 سے وائٹ واش کرنے کے ساتھ کئی دیگر اہم کامیابیاں بھی سمیٹیں، اس کے باوجود انھیں عہدے سے ہٹا کر ڈیوواٹمور کو ذمہ داری سونپ دی گئی تھی، انھوں نے 2014میں بھی درخواست دی مگر ان پر وقار یونس کو ترجیح ملی تھی۔
Load Next Story