کراچی میں صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذکی جائے سینیٹرمصطفیٰ کمال

کل تک شہرمیں امن وامان کے حوالے سے واضح مؤقف پیش نہ کیا تو ایم کیوایم قومی اسمبلی کے تمام اجلاسوں کا بائیکاٹ کرے گی۔


ویب ڈیسک November 13, 2012
کراچی کی صورت حال پر ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی اور سینیٹ سے واک آؤٹ . فوٹو: اے پی پی/ فائل

ایم کیوایم کے سینیٹرسید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ضروری ہے کہ شہر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں امن اومان کی خراب صورتحال پر قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ اجلاس سے بھی واک آؤٹ کیا ۔سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ سے قبل کراچی کی صورتحال پر اظہارخیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیٹر سید مصفطیٰ کمال نے موجودہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں امن کے لئے فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی واک آؤٹ کیا ، اجلاس میں ایم کیوایم کے رکن اسمبلی عبدالقادرخانزادہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کراچی کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اس تمام صورتحال سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے بھی امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے لئے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔

ایم کیوایم نے اجلاس سے واک آوٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کل تک شہرمیں امن وامان کے حوالے سے واضح مؤقف پیش نہ کیا تو ایم کیوایم قومی اسمبلی کے تمام اجلاسوں کا بائیکاٹ کرے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے نامعلوم افراد نے آج بھی 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ گزشتہ 4 روز میں 50 سے زائد افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے .

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں