دبئی پراپرٹی شو اے کے ڈی کا ’آرکیڈین‘بھی پیش کیاجائیگا

ایکسپریس میڈیاگروپ نے پاکستانی پویلین کی شکل میں بہترین پلیٹ فارم دیا، عائشہ ڈھیڈھی


Business Reporter April 08, 2016
فائدہ اٹھاکرسرمایہ کاروں کو راغب کرینگے،چیف ایگزیکٹوآفیسرکریک ڈیولپرز،انٹرویو ۔ فوٹو : محمد عظیم/ ایکسپریس

لاہور: دبئی انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت لگنے والے پاکستانی پویلین کے ذریعے منفرد اور جدید طرز تعمیر کا شاہکار پروجیکٹ ''آرکیڈین'' دنیا کے سامنے تعمیرات کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے امکانات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریگا، یہ پروجیکٹ اے کے ڈی گروپ کراچی کی بہترین لوکیشن ڈیفنس فیز ایٹ میں تعمیر کررہا ہے۔

پاکستان میں رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں متعدد اہم رہائشی منصوبے زیر تعمیر ہیں، بہترین محل وقوع، جدید طرز تعمیر اور رہائشی سہولتوں کی بنا پر ''آرکیڈین''کا شمار ایشیا کے سرفہرست بڑے رہائشی منصوبوں میں کیا جاسکتاہے۔ کریک ڈیولپرز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عائشہ عقیل ڈھیڈھی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ''آرکیڈین'' منصوبہ تعمیرات کے شعبے میں پاکستان میں پائی جانے والی مہارت اور رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور امکانات کو سامنے لانے کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان، کراچی اور اے کے ڈی گروپ کی مثبت اور مستحکم ساکھ کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ نے دبئی انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں ایک بہترین اور موثر پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی انتظامیہ اور متعلقہ ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستانی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی جانب راغب کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آرکیڈین کراچی کے سب سے پوش اور خوبصورت علاقے میں 43.24ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جارہا ہے جو 13 رہائشی ٹاورز، دفاتر کے بلاک اور شاپنگ مال پر مشتمل ہے۔

خوبصورت ڈیزائن، جدید طرز تعمیر اور رہائشی سہولتوں کی بنیاد پر پروجیکٹ کا مقابلہ دبئی اور بین الاقوامی سطح پر تعمیر کردہ رہائشی منصوبوں سے کیا جا سکتا ہے، پروجیکٹ کے رہائشی ٹاورز 2، 3 اور4 بیڈروم ڈوپلیکس اپارٹمنٹس پر مشتمل ہیں، پراجیکٹ اس نئے رجحان کی بھرپور عکاسی کرتا ہے جس کی پیش گوئی اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے بہت پہلے کی تھی، انھوں نے کہاتھاکہ کراچی میں رہائشی رجحانات تبدیل ہورہے ہیں اور مستقبل قریب میں رہائش کیلیے ایسے کشادہ اور لگژری اپارٹمنٹس کو ترجیح دی جائیگی جہاں بنگلوں جیسی سہولتیں ہوں۔

آرکیڈین مستقبل کی ان ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت محنت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، پروجیکٹ کا محل وقوع بھی اسے ایشیا کے ممتاز پروجیکٹس میں شامل کرتا ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ اپارٹمنٹ کے تمام کمروں اور لاؤنج سے بھی کریک اور گالف کورس کا دلکش نظارہ کیا جاسکتا ہے، منصوبے کوخوبصورتی کے ساتھ خصوصی شیشے سے آراستہ کیا گیا ہے جو گرمی کو روکتے ہوئے اپارٹمنٹ کو قدرتی روشنی فراہم کرینگے،کچن اور واش رومز میں قدرتی ہوا کا گزر رکھا گیا ہے۔

پروجیکٹ میں جدید طرز رہائش کی تمام سہولتیں بشمول کلب ہاؤس، ٹینس کورٹ، باسکٹ بال کورٹ، سوئمنگ پول، کمیونٹی سینٹر، بزنس سینٹر اور ریٹیل سینٹرہیں، ہر 2 ٹاورز کے درمیان 1ہیلتھ جمنازیم بھی تعمیر کیا جائے گا، پروجیکٹ کیلیے بہترین آرکیٹیکٹ اور انجینئرز کی خدمات لی گئی ہیں جو منصوبے کو سہولتوں، معیار اور خوبصورتی کے لحاظ سے بے مثال پروجیکٹ بنارہے ہیں، اس میں جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی پر مشتمل ایئرکنڈیشننگ سسٹم وی آر ایف نصب کیا جائیگا، اس وقت 6ٹاورز کا تعمیراتی کام جاری ہے، 2 کا اسٹرکچر تعمیر ہوچکا، 2 کی پائلنگ کی جاچکی ہے اور مزید 4 ٹاورز کی پائلنگ جلد شروع کی جائیگی۔

پروجیکٹ 5سال میں مکمل ہوگا۔ عائشہ عقیل ڈھیڈی نے کہا کہ پروجیکٹ ابھی تک باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا تاہم پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی ملکوں سے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے، اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس منصوبے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔

دبئی انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں ایکسپریس میڈیا کے پاکستانی پویلین کے ذریعے اس منصوبے کو دبئی میں مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے رکھا جائے گا، ڈیزائن، معیار اور منفرد محل وقوع سمیت جدید رہائشی سہولتوں سمیت آرکیڈین کسی بھی لحاظ سے دبئی کے بین الاقوامی پراجیکٹس کا مقابلہ کرسکتا ہے اس لیے ہمیں امید ہے کہ آکیڈین کو دبئی انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں سب سے زیادہ پذیرائی حاصل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں