پاکستانی کرکٹ کے بعد وقار یونس اب لفظوں سے کھیلیں گے

وقار یونس کا آئی پی ایل میں کمنٹری کیلیے بھارتی چینل سے معاہدہ ہو گیا۔

وقار یونس کا آئی پی ایل میں کمنٹری کیلیے بھارتی چینل سے معاہدہ ہو گیا۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
پاکستانی کرکٹ کے بعد وقاریونس اب لفظوں سے کھیلیں گے،استعفیٰ دینے پر مجبور ہونے والے سابق قومی ہیڈ کوچ کو نئی ملازمت مل گئی اور سابق فاسٹ بولر نے انڈین پریمیئر لیگ میں کمنٹری کیلیے ایک چینل سے معاہدہ کرلیا.

تفصیلات کے مطابق سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کا قومی کرکٹ ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا تجربہ خوشگوار نہیں رہا، ٹیسٹ میچز کا معاملہ تو قدرے بہتر تھا لیکن محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر رہی، ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں ناقص کارکردگی کے بعد نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے انھوں نے فارغ کیے جانے سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا، جس کے فوری بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کو نئی ملازمت بھی مل گئی، انھوں انڈین پریمیئر لیگ کے دوران میچز پر کمنٹری کیلیے ایک چینل سے معاہدہ کرلیا ہے، اہلیہ فریال نے ٹویٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کر دی، سابق کپتان جمعے کو بھارت روانہ ہونگے۔


واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ 9 اپریل سے شروع ہوگی،29 مئی کو فائنل کھیلا جائے گا، ایونٹ میں مجموعی طور پر 60میچز ہوں گے۔ وقار یونس کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20میں مجموعی طور پر 8میچز کھیلے اورصرف 3میں فتح ہاتھ آسکی، اس فارمیٹ میں گرین شرٹس کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہ لانے والے سابق فاسٹ بولر کو ماہرانہ تبصروں کیلیے موزوں سمجھا گیا ہے۔

انھوں نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ پی سی بی فارغ بھی کردے تو اس سے زیادہ رقم کما سکتا ہوں۔ بطور کوچ پہلی اننگز کا اختتام وقار یونس نے بیماری کو جواز بنا کر کیا تھا مگر فوراً بعد کمنٹری کرتے دکھائی دیے تھے، اب ایک بار پھر انھوں نے وہی کام ڈھونڈ لیا ہے۔
Load Next Story