مقبوضہ کشمیر بھارتی فائرنگ سے مزید 2 نوجوان شہید

بھارتی اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع شوپیاں میں شہید کیا، مظاہرین کی قابض فورسز سے جھڑپیں


News Agencies/AFP April 08, 2016
مارے جانیوالے مشتبہ جنگجوؤں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا، 24 گھنٹوں کے دوران 3 مختلف جھڑپوں میں 4 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، بھارتی حکام کا دعویٰ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاںمیں2نوجوانوںکو شہیدکیا۔ نوجوانوں کے قتل کے خلاف ہزاروں کشمیری شہری سڑکوں پرنکل آئے اورانھوں نے قابض فوج کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین کی بھارتی فورسزسے جھڑپیں بھی ہوئیں، نوجوان 'جیوے جیوے پاکستان'کے نعرے لگا رہے تھے جبکہ انھوں نے پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے پولیس کی بکتربندگاڑی کوآگ لگادی۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کومنتشرکرنے کیلیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور باغیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ کشیدگی کے پیش نظر پولیس پیچھے ہٹ گئی۔

بھارتی حکام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہونے والے مشتبہ جنگجوؤں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ معمول کی گشت پر تھے جس کے جواب میں دونوں کو ہلاک کردیاگیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوںکی نماز جنازہ میں70ہزار سے زائد کشمیریوں نے شرکت کی۔

سید علی گیلانی اور میرواعظ نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ این این آئی کے مطابق بھارتی فوج کے ایک افسر نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فورسز اور مجاہدین کے درمیان تصادم ضلع شوپیاں کے علاقے وہل میں جمعرات کی صبح 5بجے شروع ہوا جس میں فوج نے حزب المجاہدین کے 2 مجاہدین کو شہید کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوجی حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 مختلف جھڑپوں میں 4 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں ایک کی شناخت نصیر احمدپنڈت اور دوسرے کی وسیم احمد ملا کے نام سے کی گئی، نصیر احمد کے متعلق کہا جارہاہے کہ وہ محکمہ پولیس کا سابق ملازم تھا اور کانسٹیبل کی حیثیت سے وہ گذشتہ برس ہتھیار سمیت پولیس کی نوکری چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا، وسیم احمد کا تعلق پہلی پورہ سے بتایا گیا ہے۔ دونوں کومحاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں