سرکاری ٹی وی پرخطاب کا حق صرف صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے پرویزرشید

عمران خان دھرنے کے دوران خالی کرسیوں سے خطاب کرکے قوم کو جگا رہے تھے، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک April 08, 2016
عمران خان دھرنے کے دوران خالی کرسیوں سے خطاب کرکے قوم کو جگا رہے تھے، وفاقی وزیراطلاعات۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا عمران خان کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر خطاب کے اعلان پر کہنا ہے کہ پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کا حق صرف صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے۔

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کے مطالبے پر اپنے ردعمل میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر تقریرکرنے کا حق ملک کے صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے جب کہ عمران خان کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی جتنا وقت حکومت کو دیتا ہے اتنا ہی وقت اپوزیشن کو بھی دیا جاتا ہے جب کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی پی ٹی وی انتظامیہ کا یہی کہنا تھا کہ ٹی وی پر تمام ارکان کو مساوی طور پر کوریج دی گئی۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے دھرنے کے دوران بھی بہت سی تقریریں کیں اور خالی کرسیوں سے خطاب کرکے کہتے تھے کہ وہ قوم سے خطاب کرکے قوم کو جگا رہے ہیں لیکن اس دوران بھی عمران خان کو براہ راست کوریج دی گئی اور اب بھی جتنی کوریج نجی ٹی وی چینلز دیں گے اتنا ہی وقت پی ٹی وی بھی دے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اگر عمران خان چاہتے ہیں کہ اس مقدمے کا فیصلہ جو ان کے بقول ایک مقدمہ ہے کوئی سپریم کورٹ کا جج نے تو انہیں کھلی اجازت ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے پاس پورے اختیارات ہیں کہ وہ ہر ایجنسی اور آڈیٹر جنرل کی مدد حاصل کرسکتا ہے جب کہ کمیشن انٹرنیشنل آڈٹ بھی کراسکتا ہے، اس لیے تحریک انصاف کی طرف سے جن خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے انہیں انکوائری کمیشن بھی پورا کرسکتا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن ہی سچائی کو سامنے لائے گا، ہم جانتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے کسی عہدیدار اور وزرا کے کسی خاندان کے کسی فرد نے کوئی لاقانونیت نہیں کی، سچائی سامنے آئے گی توعمران خان کو شرمندگی ہوگی اسی لیے وہ اس سے بچنے کے لیے حیلے بہانوں سے اس مسئلے کو سیاست کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹی وی پر آکر تقریر تو کرنا چاہتے ہیں لیکن کمیشن کےسامنے جاکر اپنی گواہی نہیں دے سکتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں