عمران تیتر خان ہیں اگر ہمت ہے تو رائیونڈ آکر دکھائیں خواجہ سعد رفیق

عمران رائیونڈ آئے تو ہمیں بھی بنی گالا کے محل کا علم ہے، وزیر ریلوے

عمران رائیونڈ آئے تو ہمیں بھی بنی گالا کے محل کا علم ہے، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان اب رائیونڈ جانے کی دھمکیاں دیتے ہیں دراصل وہ تیتر خان ہیں اور اگر ان میں ہمت ہے تو وہ رائیونڈ کا رخ کرکے دکھائیں۔

اوکاڑہ میں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کو حکومت جہیز میں ملی تھی اور جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت اور امن و امان کے حوالے سے مکمل طور پر پیچھے دھکیلا جاچکا تھا لیکن نواز شریف کی پالیسیوں کے باعث اب ملک میں مکمل طور پر امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری سیاست الزامات اور گالیوں پر محیط ہے، ان کے پاس ناچ گانے کے علاوہ کچھ بھی نہیں، اگر پنجاب میں میٹرو چل سکتی ہے تو پشاور میں کیوں نہیں چل سکتی، وہ عوام کو بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت نے کون سا قابل ذکر کام کیا ہے۔


سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کارویہ مخالفت برائے اصلاح نہیں بلکہ مخالفت برائے مخالفت ہے، خیبرپختونخوا میں چوہے مارے جائیں تو جائز ہے اور ہم ڈینگی سے لڑیں تو مذاق اڑایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب رائیونڈ جانے کی دھمکیاں دیتے ہیں دراصل وہ تیتر خان ہیں اور اگر ان میں ہمت ہے تو وہ رائیونڈ کا رخ کرکے دکھائیں۔ اگر انہیں رائیونڈ کا راستہ پتہ ہے تو ہمیں بھی بنی گالہ میں 310 کینال پر بنے محل کا علم ہے، لہٰذا عمران خان کو چاہیے کہ وہ اب بڑے ہوجائیں اور گالیوں کی سیاست کو خیر باد کہہ کر حقیقی معنوں میں عوام کی تقدیر بدلنے کا سوچیں۔

Load Next Story