ISLAMABAD:
بھارتی صوبے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔
عمران خان نے ملاقات میں بھارتی وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ بہتر گورننس اور بہتر سیاست سے تحریک انصاف حکومت میں آنے کے پہلے 90 روز میں ملک بھر میں امن بحال کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹواری نظام ملک کو درپیش چند بڑے مسائل میں سے ایک ہے جس کے باعث معاشرتی ڈھانچہ شکست و ریخت کا شکار ہے اور ان کی جماعت اقتدار میں آکر اس نظام کا بھی خاتمہ کرے گی۔
اس موقع پر بہار کے وزیرِاعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ عدلیہ اور انتظامیہ کے درمیان بہتر تعاون کے ذریعے اپنی ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ فوری انصاف ہی جمہوری نظام پرعوامی اعتماد بحال کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ صوبہ بہار کی حکومت کی کامیابیوں سے متاثر ہیں اور اسی کے تجربے سے متاثر ہو کران کی جماعت کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ممبران نے اپنے اثاثے ظاہر کئے تھے، انہوں نے کہا کہ بھارتی صوبے بہار کی حکومت کی اصلاحات سے فائدہ اٹھا کر ملک کو ترقی کی راہ پرلائیں گے۔