ووٹ کی اہمیت پر سیمینار

18مارچ کو اسمبلی کی مدت پوری ہو رہی ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن 60 دنوں میں انتخابات کرانے کاپابند ہے،الیکشن کمشنرسندھ


Muhammad Sajid Afridi November 13, 2012
عوام ووٹ قومی امانت ہے اس کا استعمال ضرور کریں، الیکشن کمشنرسندھ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بدقسمتی سے ہماری سیاسی تاریخ مشکوک انتخابات کے باعث مسخ ہو چکی ہے۔یہاں کی سیاسی جماعتیں کبھی اپنے مخالفین کی طرف سے ووٹرز اور ووٹنگ کے عمل پر اثر انداز ہونے کے الزامات عاید کرتی ہیں، تو کبھی انتخابی نتائج میں تبدیلی اور الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی باتیں کی جاتی ہیں۔

اس وقت پاکستان میں سیاسی محاذ پر عام انتخابات کے لیے تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اگلے عام انتخابات کا انعقاد 2013 میں ممکن ہے۔ عام انتخابات کے ذریعے ایوانِ اقتدار میں تبدیلی کسی بھی ملک اور قوم کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ اس عمل میں عوام کے ووٹ کا درست استعمال ضروری ہے، تاکہ ملک میں قابل اور دیانت دار حکم راں برسرِ اقتدار آئیں اور ان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کریں۔ عوام کو ان کے ووٹ کی اہمیت سے آگاہی دینے کی غرض سے پچھلے دنوں ٹنڈوالہ یار میں ایک سیمینارکا انعقاد کیا گیا، جسے عوامی حلقوں کی طرف سے ایک مثبت اور تعمیری سرگرمی قرار دیا گیا ہے۔

اس سیمینار سے خطاب کے دوران الیکشن کمشنر (سندھ) سونو خان بلوچ نے کہا کہ 18، مارچ 2013 کو قومی اسمبلی کی مدت پوری ہو رہی ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن ساٹھ دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بائیو میٹرکس نظام کے ذریعے جعلی ووٹ کاسٹ ہونے روکے جائیں گے اور ایسے ووٹر کو تین ماہ سے تین سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔ سونو خان بلوچ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آیندہ ووٹر لسٹوں میں ووٹرز کی تصاویر لگانے پر غور کر رہی ہے جس کے بعد جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کا امکان ہی ختم ہو جائے گا، پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ووٹر کو آسانی فراہم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ موبائل فون پر 'ایس ایم ایس' سروس کے ذریعے ووٹروں کو ان کے اندراج سے متعلق آگاہی دی گئی، جس کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں اور الیکشن سے پندرہ روز قبل بھی 'ایس ایم ایس' سروس کے ذریعے ووٹر کو پولنگ اسٹیشن اور اس کے اندراج سے متعلق معلومات فراہم کر دی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اگلے عام الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل شفاف ہو گا، اور پولنگ اسٹیشنوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، پولنگ کے دوران کسی قسم کی شکایت موصول ہونے پر متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے الیکشن افسر کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو الیکشن سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابی عمل کے لیے ہر صوبے میں ایک ریٹائرڈ جسٹس کو مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر ممبر ضلعی الیکشن کمیشن آف پاکستان ریٹائرڈ جسٹس روشن عیسانی، ضلعی الیکشن کمیشن افسر سید اکرم حسن شاہ و دیگر موجود تھے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے عوام سے کہا کہ ووٹ قومی امانت ہے اور وہ اس کا استعمال ضرور کریں۔

بلاشبہہ یہ ایک اہم سیمینار تھا، جس کا مقصد ووٹ کی طاقت اور اس کے استعمال سے متعلق شعور اور آگاہی دینا تھا، اس موقع پر موجودہ عوامی نمایندوں اور مقامی حکام کی شرکت اس کی اہمیت اور مقصدیت کو اجاگر کرنے کا باعث بنتی، لیکن ضلعی الیکشن کمیشن افسر کے مطابق سیمینار میں شرکت کے لیے ضلع کے دو ایم پی ایز، ایم این ایز، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سمیت دیگر سیاسی تنظیموں کے راہ نمائوں کو دعوت نامے بھیجے گئے۔ تاہم انھوں نے شرکت نہیں کی۔

اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار سید مہدی علی شاہ نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے، اس کے صحیح استعمال سے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، اس لیے عوام اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنا حق رائے دہی سوچ سمجھ کر استعمال کریں، انھوں نے ووٹرز کو شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈوالہ یار ضلع میں نادرا کی جانب سے سلطان آباد، چمبڑ اور ٹنڈوالہ یار میں جلد سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں سے عوام اپنا شناختی کارڈ سہولت کے ساتھ حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹنڈوالہ یار سید محمد اکرم حسین نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضلع میں دو لاکھ 95 ہزار 890 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جس میں ایک لاکھ 57 ہزار 308 ہے مرد جب کہ ایک لاکھ تین ہزار 583 خواتین ووٹرز شامل ہیں، انھوں نے بتایا کہ یہاں 8 خواجہ سرا بھی بہ طور ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ہر سال قومی ووٹرز ڈے منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد الیکشن کمیشن، ووٹرز لسٹ پر ووٹر کی تصویر موجود ہونے، اور بائیو میٹرکس نظام کے ذریعے جعلی ووٹ کی پکڑ سے آیندہ انتخابات کے نتائج کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ توقع ہے کہ اگلے انتخابات میں پاکستان کو حقیقی قیادت میسر آئے گی اور عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے ملک میں تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں