کراچی میں بیوٹی پارلر پر حملے کے الزام میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب معطل

شارع فیصل تھانے میں نیب افسر اور ان کی اہلیہ کیخلاف ڈکیتی اور عملے کو زدوکوب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے

شگفتہ اعجاز نے صرف اپنے مطلب کی ویڈیو شیئر کی،معطل شدہ نیب افسر،فوٹو:اسکرین گریب

لاہور:
نیب حکام نے اداکارہ شگفتہ اعجاز کے پارلر میں ہنگامہ کرنے والے اپنے ڈپٹی ڈائریکٹر اوصاف تالپور کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب حکام کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹراوصاف تالپور کو معطل کرکےمحکمہ جاتی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے،نیب افسر پرالزام ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے کہنے ڈیوٹی پر موجوداپنے ماتحت اہلکاروں کے ساتھ مل کرخواتین پارلر کے سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پارلر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اورعملے کو ہراساں کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد نیب نے اختیارات کاناجائز استعمال کرنے پر اوصاف تالپورکو معطل کردیا۔

دوسری جانب پارلر کی مالک ادکارہ شگفتہ اعجاز کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں ڈکیتی اور عملے کو زدوکوب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں نیب افسر اور ان کی اہلیہ کو نامزد کیا گیا ہے،تاہم پولیس نے ابھی تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی ۔




واضح رہے کہ یہ واقعہ چند روز قبل گلستان جوہر میں واقع ایک بیوٹی پارلر میں پیش آیا تھا جس میں معطل شدہ نیب افسر کی اہلیہ اپنے گمشدہ ہار کے بارے میں معلوم کرنے کے لیئے آئی تو ان کا پارلر کی مالک اداکارہ شگفتہ اعجازکی بیٹی اور دیگر عملے سے جھگڑا ہوگیا جس کے بعد خاتون نے اپنے شوہر کو بلالیا جنہوں نے نیب کے دیگر اہلکاروں کے ساتھ مل کرخواتین پارلرمیں گھس کر ہنگامہ آرائی کی ،تاہم معطل شدہ نیب افسر کا موقف ہے کہ شگفتہ اعجاز نے صرف اپنے مطلب کی ویڈیو شیئر کی ہے جب کہ ان کے عملے کی جانب سے لڑائی اور ہار چوری کی ویڈیوسامنے نہیں لائی گئی۔

Load Next Story