ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے 3 افراد جاں بحق درجنوں زخمی

زلزلے کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندوکش میں 236 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلہ پیما مرکز


ویب ڈیسک April 10, 2016
زلزلے میں اب تک 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے : فوٹو : فائل

پنجاب ، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے باعث 3 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں لاہور اور راولپنڈی کے علاوہ فیصل آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، حافظ آباد، چکوال، گڑھ مہاراجہ ،جہلم، بھکر، ڈیرہ غازی خان، خیبر پختونخوا میں پشاور کے علاوہ کوہاٹ، ہنگو، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، قبائلی علاقوں میں باجوڑ ایجنسی، خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی جب کہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد، میر پور اور بھمبر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز چترال میں پاک افغان سرحد کے قریب پہاڑی سلسلے کوہ ہندوکش میں 236 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔



لوگوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کا پہلا جھٹکا معمولی نوعیت کا تھا تاہم اس کے کچھ ہی لمحوں بعد زیادہ شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جس کے بعد لوگ خوف زدہ ہوکر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے باعث مواصلاتی نظام تعطل کا شکار ہوگیا۔



زلزلے كی وجہ سے كئی مكانات كی ديواريں منہدم ہوگئیں جبكہ سوات بونير شاہراہ پر زلزلے كے باعث پہاڑی تودہ موٹر كار پرآگر جس كے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگيا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا،ادھر خوازہ خيلہ كے علاقہ شمک ميں رحم گل نامی شخص كے گھر كی ديوار گرنے سے عماد ولد رحم گل جاں بحق جبكہ افسانہ دختر نيک محمد زخمی ہوگئی۔ زلزلے کے باعث مٹہ ميں 3 بچے زخمی ہوگئے، خوازہ خيلہ ميں بھی 2 بچے زخمی ہوئے۔ سيدوشريف اسپتال میں 9 زخمیوں کو لایا گیا جن میں بونیر کے رہائشی عبد الرحمان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جسے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زلزلے سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

زلزلے کے باعث کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔ سوات کے علاقے کڑاکڑ بونیر میں کار پر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا جب کہ سڑک بند ہونے سے سوات اور بونیر کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اپر دیر میں بھی 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ چارسدہ شبقدر کے علاقے شہباز خان کورونہ میں زلزلے کے باعث حجرے کی دیوار گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ سوات میں خوازہ خیلہ میں بھی دیوار گرنے سے 1 بچہ جاں بحق ہوگیا ہے ۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 2 بچوں سمیت 30 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے۔ جس کے بعد شہر کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اپر دیر میں زلزلہ کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور 3 بچے ملبے تلے جنہیں زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ آفٹرشاکس کے پیش نظر جڑواں شہروں میں ریسکیو اداروں کوالرٹ کردیا گیا ہے جب کہ دیگر علاقوں کی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشئیر کے ٹکڑے گرنے سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ چلاس اور گلگت کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ہر قسم کی آمدو رفت کے لیے بند ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے شمال مغربی حصوں اور پاکستان سے ملحقہ افغان وعلاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ نئی دلی میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میٹرو ٹرین کو روک دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں