پی ٹی آئی میں دھڑے بندی شاہ محمود قریشی کا نظریاتی گروپ کی حمایت کا اعلان

جہانگیرترین اورچوہدری سرور سے ٹکٹ لینے پڑے توگھرچلاجاؤں گا، شاہ محمود قریشی

جہانگیرترین اورچوہدری سرور سے ٹکٹ لینے پڑے توگھرچلاجاؤں گا، شاہ محمود قریشی، فوٹو : فائل

پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی نظریاتی گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے یونٹی گروپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں یونٹی گروپ نے نااتفاقی کے بیج بوئے ہیں جب کہ شفقت محمود کاساتھ پارٹی کی عزت کے لئے دے رہاہوں لیکن اگر جہانگیرترین اورچوہدری سرور سے ٹکٹ لینے پڑے توگھرچلاجاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف کے کارکن انصاف کے لیے سڑکوں پر پھر رہے تھے تو اس وقت چوہدری سرور گورنر شپ کے مزے لے رہے تھے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کاباغیچہ ہے اور وہ اس کی رکھوالی کریں گے تاہم بتایا جائے کہ عمران خان کے خلاف سازشوں کا جال کون بُنتارہا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ذاتی نہیں قومی ایجنڈے کے لئے بنائی گئی جب کہ آج تک میں نے تحریک انصاف میں دھڑے کی سیاست ہی نہیں کی کیونکہ تحریک انصاف اختلافات سے بالاترہے اور جوپارٹی اپنے نظریاتی کارکنوں کو نظراندازکردے مٹ جاتی ہے تاہم تحریک انصاف کے لئے آج فیصلہ کن گھڑی ہے۔

Load Next Story