ہندوستانی پنیر مسالہ اور مکئی کی کچھڑی

ہندوستانی پنیر مسالہ اور مکئی کی کچھڑی

ہندوستانی پنیر مسالہ اور مکئی کی کچھڑی۔ فوٹو: فائل

ABBOTABAD:
ہندوستانی پنیر مسالا
اجزا:
پنیر کے ٹکڑے (15 عدد)
گھی یا مکھن (حسب ضرورت)
پیاز (2 عدد) باریک کتر لیں
ادرک، لہسن کا آمیزہ (ایک کھانے کا چمچا)
لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
ہلدی (آدھا کھانے کا چمچا)
پسا ہوا دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
ٹماٹر (2عدد)
لیموں کا رس(ایک چائے کا چمچا)
ہری مرچ (دوعدد)
ہرا دھنیا (آدھی گٹھی) باریک کاٹ لیں
دہی (آدھی پیالی)
پسا ہواگرم مسالا(آدھا کھانے کا چمچا)
ترکیب:
پہلے ٹماٹر کا چھلکا اتار لیں۔ چھلکا اتارنے کے لیے ٹماٹر پر کٹ لگا کر گرم پانی میں ڈالیے، چھلکا بہ آسانی الگ ہو جائے گا۔ پنیر کو بغیر گھی تیل کے نان اسٹک پین میں تل کے نکال لیں۔ اس کے بعد ایک برتن میں گھی اور مکھن ڈال کر اس میں پیاز، ادرک، لہسن، ہلدی، دھنیا، مرچ، نمک اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔ ٹماٹر گل جائے اور مسالا تیل چھوڑ دے، تو اس میں پھینٹی ہوئی دہی ڈال کر دو منٹ کے لیے بھونیں اور چولھا بند کر دیں۔ اس کے بعد تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر اس میں پنیر شامل کر دیں اور لیموں کا رس، ہری مرچ، کترا ہوا ہرا دھنیا اور پسا ہوا گرم مسالا ڈال دیں۔ کھانے سے دو منٹ قبل گرم کر کے نوش فرمائیں۔

مکئی کی کھچڑی
اجزا:
تازہ مکئی کے دانے ایک پیالی (ابال کر گلالیں)
باسمتی چاول (ایک کلو)
ادرک (دو انچ کا ٹکڑا)
ہری مرچ (پانچ عدد)
پسی ہوئی ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
لیموں کا رس (دو چائے کے چمچے)
ہرا دھنیہ (چھڑکنے کے لیے)
گھی (تین کھانے کے چمچے)
زیرہ (ایک چائے کا چمچا)
نمک (حسب ضرورت)
ہینگ (ایک چٹکی)
ترکیب:
ادرک، ہرا دھنیہ اور ہری مرچوں کو باریک کترلیں اور چاولوں کو آدھے گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو دیں۔ ابلے ہوئے مکئی کے دانوں میں تھوڑا سا نمک اور لیموں کا رس ملائیں۔ ایک دیگچی میں گھی گرم کریں اور زیرہ ڈال کر اسے سنہرا کرلیں۔ اب اس میں تمام مسالے شامل کر کے آنچ دھیمی کر دیں اور دو گلاس پانی ڈالیں، دو تین منٹ بعد ابال آجائے، تو نمک ڈالیں، پھر چاول دھو کر ڈالیں اور دو منٹ بعد ابلی ہوئی مکئی شامل کر کے ملائیں اور چاول گلنے دیں۔ ایک کنی رہ جائے، تو ہرا دھنیہ، ہری مرچ اور ہینگ ڈال کر ملائیں اور دم پر لگا دیں اور اچار کے ساتھ پیش کریں۔

مولی کی بھجیا
اجزا:

میٹھی مولی دو کلو (پتوں کے ساتھ)
ثابت لال مرچ (چار عدد)
لہسن (چھے جوے)
ہری مرچ (چھے عدد)
سرکہ (ایک چائے کا چمچا)
نمک حسب ذائقہ (چکھ کر ڈالیں)
زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
ترکیب:
اچھی طرح سے دھونے کے بعد مولی اور اس کے پتے الگ کرلیں۔ خاص طور پر اس کے ڈنٹھل باقی نہ رہنے دیں۔ اس کے بعد پتوں کو کترلیں اور مولی کے بھی قتلے کرلیں۔ پھر ایک کڑھائی میں تیل گرم کریں اور ثابت لال مرچ تل کے نکال لیں اور اس کا چورا کرلیں، اب اسی تیل میں لہسن کتر کر ڈال دیں۔ سنہرا ہونے پر زیرہ ڈالیں اور پھر آنچ دھیمی کر کے ایک پیالی پانی ڈال کر مولی گلالیں۔ اس کے بعد اس کے پتے ڈال کر لال مرچ کا چورا، ہری مرچ اور نمک ملائیں اور پانی خشک ہونے تک پکاتی رہیں۔ پانی خشک ہو جائے، تو چولھا بند کر کے سرکہ شامل کر دیں۔ آخر میں پسا ہوا زیرہ چھڑک کر پیش کریں۔

پشاوری دال
اجزا:
ثابت ارد کی دال (ایک پیالی)
نمک (حسب ذائقہ)
ادرک اور لہسن کا آمیزہ (چار کھانے کے چمچے)
پسی ہوئی لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
مکھن (100 گرام)
ملائی یا کریم (ایک پیالی)
ٹماٹر کا آمیزہ (ڈیڑھ پیالی)
باریک پسا ہوا گرم مسالا (دو چائے کے چمچے)
ترکیب:
دال صاف کرنے کے بعد رات بھر کے لیے نیم گرم پانی میں بھگو دیں۔ صبح دھو کر سوائے نمک کے تمام مسالے ڈال کر کم از کم ایک گھنٹے یا گل جانے تک دھیمی آنچ پر پکائیں۔ آدھے گھنٹے بعد اس میں نمک شامل کر دیں اور ایک چمچا کھانے کا تیل ڈالیں۔ اس دوران ایک فرائنگ پین میں گھی ڈالیں اور ادرک و لہسن کا آمیزہ اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں، جب بھون جائے، تو اس میں مکھن شامل کر دیں اور اس سارے آمیزے کو دال میں شامل کر دیں اور ضرورت ہو تو آدھی پیالی پانی ڈال کر دو تین منٹ مزید پکالیں، پھر چولھا بند کر کے ملائی یا کریم شامل کر دیں۔ ہرا دھنیہ یا پودینہ اور ہر مرچ چھڑک کر پیش کریں۔

عربی کباب
اجزا:
سفید چھولے (ایک پیالی) ابال لیں
مرغی کا گوشت( ایک پاؤ) ابال کر ریشہ الگ کر لیں
پسا ہوا لہسن (دوکھانے کے چمچے)
نمک (حسب ذائقہ)
پیاز (دو عدد) چھوٹے ٹکڑے کرلیں
ہری مرچ (دو عدد)
پسا ہوا گرم مسالا(آدھا چائے کا چمچا)
لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)
ہرا دھنیا (تھوڑا سا)
مکئی کا آٹا(ایک کھانے کا چمچا)
پکوان تیل (تلنے کے لیے)
ترکیب:
چھولوں کو دھوکر دو کھانے کے چمچے سوڈا ڈال کر 24 گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ اس کے بعد دوبارہ چھولوں کو دھویں۔ اس کے بعد چھولے، پانی، آدھا چائے کا چمچا نمک اور سوڈا ڈال کر خوب گلالیں۔ اس کے بعد چھولوں کو گرائنڈر میں ڈالیں اور باری باری ہرا دھنیا، ہری مرچ، گرم مسالا، لیموں کا عرق، پیاز، لہسن اور بوٹیوں کے ریشے ڈال کر پیس لیں، پھر ایک پیالی میں ایک انڈہ، نمک، مکئی کا آٹا، چکن اور چھولے کے آمیزے میں ملائیں اور اس کے کباب بنا کر تل لیں اور نوش فرمائیں۔ یہ آمیزہ اگر پتلا ہو جائے، تو کباب بناتے وقت اس میں تھوڑا سا ڈبل روٹی کا چورا شامل کردیں۔
Load Next Story