اپنے جوتے گھر پر تیار کیجیے

اس طرح ہم رنگ جوتوں کی تلاش سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے


سحرش پرویز April 11, 2016
اس طرح ہم رنگ جوتوں کی تلاش سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے ۔ فوٹو : فائل

صنف نازک اپنے کپڑوں اور جوتوں کے انتخاب کے حوالے سے خاصی حساس ہوتی ہے۔ نت نئے نقش ونگار سے آراستہ کپڑے خریدنا، جدید رواج کے مطابق تراشے گئے لباس و جوتوں کا چناؤ ایک عورت کے پسندیدہ مشاغل میں شمار ہوتے ہیں۔ بہترین اور منفرد لباس کے ساتھ کسی بھی تقریب میں خوب تر نظر آنا ہر عورت کی ہی خواہش ہوتی ہے۔

یوں تو ہر عورت مختلف رنگوں کے لباس پسند کرتی ہے۔ رنگوں سے قطع نظر بعض اوقات نئی ڈھب پر سیے گئے لباس کسی بھی رنگ میں ہوںِ توجہ مبذول کرا ہی لیتے ہیں، لیکن لباس کے انتخاب کے بعد ایک بڑا اہم مرحلہ اس کے ہم رنگ زیورات، جوتے اور پرس کی تلاش ہوتی ہے۔

بازار میں مختلف رنگوں کے سوٹ تو بہ آسانی مل جاتے ہیں، لیکن ان کے ہم رنگ دیگر چیزوں کی تلاش ایک صبر آزما مرحلہ ہوتا ہے اور خواتین یہ چاہتی ہیں کہ وہ لباس کے رنگ کے مطابق ہی جوتی یا سینڈل پہنیں، لیکن ضروری نہیں ہے کہ ہر سوٹ کی ہم رنگ جوتی بھی بازار میں دست یاب ہو۔ اس کے نتیجے میں بلآخر کسی اور رنگ کو لباس سے ہم آہنگ کرنا پڑتا ہے۔

بہت سے قیمتی لباس کا تاثر ہی دوسرے رنگوں کی بنا پر گہنا سا جاتا ہے، اور محض میچنگ کی وجہ سے ہی بہت سے عام سے لباس کی بھی خوب وضع نکل آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کی حتی الامکان کوشش ہوتی ہے کہ سینڈل یا جوتی تو کم سے کم لباس کی ہم رنگ مل جائے۔

خواتین کی اسی مشکل کے پیش نظر، ہم ان کے لیے ایک حل پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس کے بعد امید ہے کہ آپ اپنے ہر سوٹ کے ہم رنگ جوتی تلاش کرنے کی زحمت اور کوفت سے بھی بچ سکتی ہیں۔ اور بہ آسانی اپنے لباس کی میچنگ کے جوتے بھی پہن سکتی ہیں، بلکہ گھر پر ہی اپنے ہاتھوں سے انہیں تیار بھی کر سکتی ہیں۔

اس کے لیے آپ کو جن چیزوں کی ضرورت ہے۔ وہ کچھ اس طرح ہیں۔

دو عدد جوتوں کے تلوے(Soles) ، جو بازار میں بہ آسانی دست یاب ہیں۔ اپنے لباس کے رنگ کے مطابق کپڑا، چپکانے کے لیے سلوشن، سوئی دھاگا، اور کچھ اس رنگ کے حساب سے ستارے اور موتیاں وغیرہ۔

سب سے پہلے کپڑے کو تلوے کی شکل میں کاٹ لیں اور پھر اسے تلوے پر چپکائیں۔ اس کے بعد الگ سے اسی کپڑے میں سے جوتی کی دو پٹیاں بنانے کے لیے کپڑا لیں اور اسے بھی تلوے کے اوپر کی طرف وی کی شکل میں چسپاں کر دیں (جس طرح دو قینچی چپل ہوتی ہے) اس کے بعد دو پٹی پر اپنے من پسند رنگوںکے موتی سوئی دھاگے سے ٹانک لیں۔ لیجیے آپ کے سوٹ کے ساتھ آپ ہی کے ہاتھ کے بنے ہوئے جوتے بھی تیار ہیں۔ اسے پہنیں اور خوب داد وصول کریں۔

اپنے کسی بیش قیمت ملبوس کے جوتے تیار کرنے سے قبل اگر تجرباتی طور پر کسی اور کپڑے کے جوتی بنا لیں، تو نہ صرف آپ کے کام میں صفائی آئے گی، بلکہ آئندہ کے لیے ایک اندازہ بھی مل جائے گا، بالخصوص نلکیوں اور موتیوں کے امتزاج کے حوالے سے آپ آیندہ بہتر طریقے سے کام کر سکیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں