پہلا ٹیسٹ بے دانت کے ٹائیگرز پر ویسٹ انڈین ٹیم پل پڑی

چندرپال اور کیرن پاول نے سنچریاں داغ کر مجموعی اسکور 4 وکٹ پر 361 تک پہنچا دیا۔


Sports Desk November 14, 2012
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ویسٹ انڈین بیٹسمین شیو نارائن چندر پال کا سوئپ شاٹ، بنگلہ دیش کیخلاف انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں بے دانت کے ٹائیگرز پر ویسٹ انڈین ٹیم پل پڑی، شیونارائن چندرپال اورکیرن پاول نے سنچریاں داغ کر مجموعی اسکور 4 وکٹ پر 361 تک پہنچا دیا۔

کیریئر کی 26 ویں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے تجربہ کار بیٹسمین 123 پر ناٹ آئوٹ رہے،ساتھی پلیئر117رنز بناکر میدان بدر ہوئے، دنیش رامدین 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈین کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، میچ کا آغاز کرس گیل نے بنگلہ دیش کے ڈیبیو اسپنر سوہاگ غازی کو چھکا لگا کر کیا،انھوں نے ابتدائی اوور کی چوتھی گیند پر بھی زوردار اسٹروک کھیل کر گیند کو بائونڈری لائن کے پار پہنچایا، میزبان بولر نے انتقام لیتے ہوئے اسٹار بیٹسمین کو 24 کے انفرادی اسکور پر پویلین چلتا کردیا۔

کیچ لانگ آف پر محمود اللہ نے تھاما، ڈیرن براوو 14 رنز بنانے کے بعد غازی کی گیند پرروبیل حسین کا کیچ بنے،مارلون سموئلز 16 رنز کو پیسر شہادت حسین نے ٹھکانے لگایا، چندرپال اور پاول نے چائے کے وقفے تک ٹیم کامجموعہ 3 وکٹ پر 223 تک پہنچادیا، اس دوران پاول نے اپنی دوسری سنچری شکیب الحسن کو سوئپ پر چوکا لگا کر مکمل کی، انھوں نے 117 رنز اسکور کیے، ان کی اننگزمیں 18 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، انھوں نے چندرپال کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلیے 130جوڑے،پاول کے میدان بدر ہونے کے بعد چندرپال کو دنیش رامدین کا ساتھ بھی راس آگیا، دونوں پلیئرز دن کے اختتام تک پانچویں وکٹ کیلیے125رنز بناچکے ہیں، اس میں رامدین کا حصہ 52 رنز ہے،کیریئر کا 147 واں ٹیسٹ کھیلنے والے چندرپال123 پر ناقابل شکست ہیں، سوہاگ غازی 97رنز دے کر3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں