انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا کارڈف ٹیسٹ کے بھی فکسڈ ہونے کا انکشاف

فتح کے بعد خود میزبان کپتان نے مقابلے کو انتہائی غیرمعمولی قرار دیا تھا، برطانوی صحافی


Sports Desk November 14, 2012
فتح کے بعد خود میزبان کپتان نے مقابلے کو انتہائی غیرمعمولی قرار دیا تھا، برطانوی صحافی فوٹو: فائل

برطانوی صحافی ایڈ ہاکنز نے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان گذشتہ برس کھیلے گئے کارڈف ٹیسٹ کے بھی فکسڈ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

انھوں نے کرکٹ میں کرپشن سے متعلق اپنی کتاب میں لکھا کہ بھارتی بکی ونے نے اس میچ کے فکسڈ ہونے کی اطلاع دی تھی،کامیابی کے بعد خود انگلش کپتان اینڈریواسٹروس نے مقابلے کو انتہائی غیرمعمولی قرار دیا، اس وقت سری لنکن کھلاڑیوں کو 8 ہفتوں سے کوئی معاوضہ نہیں ملا تھا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ایوارڈ یافتہ صحافی ایڈ ہاکنز کی کتاب ' بکی گیملر فکسر اسپائی' کے مختلف مندرجات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، انھوں نے اس میں مئی2011 میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کارڈف میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کو بھی فکسڈ قرار دیا ہے۔

وہ لکھتے ہیں کہ مجھے بھارتی بکی ونے نے بتایا کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کارڈف میں کھیلا جانے والا میچ فکسڈ تھا، یہ وہی میچ ہے جس کے اختتام پر اس وقت کے انگلش کپتان اینڈریواسٹروس نے کہا تھا کہ یہ میرے کیریئر کے انتہائی غیرمعمولی مقابلوں میں سے ایک ہے، چوتھے دن کے اختتام پر سری لنکا کی پہلی اننگز 400 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 5 وکٹ پر 491 رنز بناچکی تھی، پانچویں روز صبح کا سیشن بارش کی نذر ہوگیا۔

مقابلہ واضح طور پر ڈرا دکھائی دے رہا تھا مگر انگلینڈ نے 496 رنز 5 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، پھر حیران کن طور پر پوری سری لنکن ٹیم کو 24.4 اوورز میں 82 رنز پر آئوٹ کرکے اننگز اور 14 رنز سے معجزاتی کامیابی حاصل کی تھی۔ ہاکنز نے نشاندہی کی کہ جب سری لنکن کھلاڑیوں نے کارڈف کے میدان پر قدم رکھا تو وہ 8 ہفتوں سے معاوضوں سے محروم تھے، ورلڈ کپ کی میزبانی میں مالی بحران کا شکار ہونے والا سری لنکن بورڈ رقم ادا نہیں کرپایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں