اسپورٹس فیسٹیول پاکستان نے 2 گولڈ میڈلز جیت لیے

بیس بال مقابلے میں سری لنکا کوشکست دے دی، فسٹ بال میں نیپال کی ٹیم ناکام

بیس بال مقابلے میں میزبان نے سری لنکا کو 12-2 سے ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ فوٹو: اے پی پی

انٹرنیشنل اسپورٹس فیسٹیول میں پاکستان نے بیس بال اور فسٹ بال میں 2 گولڈ میڈلز حاصل کرلیے۔


لاہور میں کھیلے گئے بیس بال مقابلے میں میزبان نے سری لنکا کو 12-2 سے ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا، پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر شوکت جاوید فائنل کے مہمان خصوصی تھے۔یونیورسٹی آف لاہور میں ہونے والے فسٹ بال مقابلے میں پاکستان نے نیپال کو ہرا کر ٹرافی اور گولڈ میڈل پایا، پنجاب گرین نے برانز میڈل جیتا،قومی ٹیم نے فائنل میں 3-1 سے کامیابی حاصل کی، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز میزبان کپتان مجدد اعوان نے حاصل کیا۔

مہمان خصوصی چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور ایم اے رئوف نے کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کیے۔ پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فٹبال مقابلے میں پاکستان گرین نے سری لنکا کو 3-1 سے ہرا دیا،میزبان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو دبائو میں رکھا، سری لنکا کو گول کرنے کے یقینی مواقع ملے جس کا فائدہ نہ اٹھایا جا سکا، عارف محمود نے 15 اور 80 ویں منٹ جبکہ نسیم عباس نے 70 ویں منٹ میں گول کیا۔ انٹرنیشنل ایونٹس میں بدھ کو ٹچ بال فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلاجائے گا،فٹبال کے فیصلہ کن معرکے میں سربیا اور یمن کی ٹیمیں پنجاب اسٹیڈیم میں جمعرات کو مدمقابل ہو ںگی۔
Load Next Story