جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو میں شامل

ایف سیون بی طیاروں کی جگہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو میں شامل کئے گئے۔

راشد منہاس شہید نشان حیدر کا تعلق بھی پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو سے ہی تھا۔ فوٹو: فائل

گزشتہ 6 دہائیوں سے زیر استعمال ایف سیون بی طیاروں کی جگہ پاک اور چین کے مشترکہ تعاون سے تیار کردہ جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو میں شامل کر لئے گئے۔

پی اے ایف اسکوارڈن ٹو میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل کرنے کی تقریب کراچی میں پی اے ایف بیس مسرور میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ آصف اور ایئر چیف مارشل سہیل امان تھے۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب میں 1950 سے پی اے ایف اسکوارڈن ٹو میں شامل ایف سیون بی طیاروں کی جگہ جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل کئے گئے جس سے اسکوارڈن ٹو اور پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی مارچ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔


تقریب سے خطاب کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا میں بہترین فضائی فوج کا مقام حاصل کیا ہے اور ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، فضائیہ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ فضائیہ اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی، پاک فضائیہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید آلات سے لیس کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے اور اپنے ہمسائیوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، اپنی خود مختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل سہیل امان نے اس موقع پر کہا کہ ملکی دفاع کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا، پاک فضائیہ کی تاریخ شہداء کی لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے، سیکنڈ اسکوارڈن نے ملکی دفاع میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، ملکی دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں دفاعی تعاون توازن انتہائی ضروری ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود ملکی دفاع کے لیے پرعزم ہیں، پاک فضائیہ کا ہر نوجوان ملکی دفاع کے لیے جان دینے کو ہمہ وقت تیارہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے، ساحلی علاقوں میں بھی دفاعی مقاصد کے لیے پاک بحریہ سے تعاون کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ راشد منہاس شہید نشان حیدر کا تعلق بھی پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو سے ہی تھا۔ راشد منہاس نے 1971 میں طیارے کو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

Load Next Story