ہمیں پتہ ہے پارٹی سے جانے والوں کو دبئی سے کس نے دھکا دیا وسیم اختر

بلدیاتی انتخابات میں عوام نے ہمارے نمائندوں کو کامیاب بناکر تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے ، وسیم اختر

آئندہ چند روز میں بہت سے اہم سیاسی رہنما متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہو رہے ہیں ، وسیم اختر : فوٹو : فائل

ایم کیو ایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ ایم کیو ایم سے گندے لوگ خود ہی نکل گئے اور ہمیں پتہ ہے کہ دبئی سے ان لوگوں کو دھکا کس نے دیا،۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر مسلم لیگ (ق) سندھ کی رہنما افشاں عمران کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک سمندر ہے اور اس میں سے کچھ لوگ نکل بھی جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اللہ کا شکر ہے کہ ایم کیو ایم سے گندے لوگ خود ہی نکل گئے اور ہمیں پتہ ہے کہ دبئی سے ان لوگوں کو دھکا کس نے دیا، جلد ہی ساری چیزیں عوام کے سامنے آئیں گی۔

نامزد مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم آج جن مصائب کا شکار ہے، اس پر ماضی میں بھی اسی طرح کے پہاڑ توڑے جاچکے ہیں لیکن ہم پر لگائے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوئے اور عوام نے بلدیاتی انتخابات میں ہمارے نامزد نمائندوں کو کامیاب کرا کے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے تمام سوالوں کا جواب دے دیا کیونکہ ایم کیوایم ہی کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرکے انہیں عروج پر پہنچا سکتی ہے ۔ عوام کو ہماری قیادت پر پورا اعتماد اور بھروسہ ہے ۔


اس موقع پر افشاں عمران نے کہا کہ ایک مفاد پرست ٹولہ ہےجو سازش کررہا ہے، جب مفادپرست ٹولہ ایم کیوایم سےچلا گیا تو''را ''کےالزامات لگائے گئے۔ مفاد پرست ٹولہ جب ایم کیو ایم میں تھا تو ان کو یہ برائیاں اس وقت نظر کیوں نہیں آئیں،جب وہ اپنے عہدوں پرتھےتو مفاد حاصل کرتے رہے۔



 
Load Next Story