عمران خان کا اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان

حکومت نے پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن نہ بنایا تو رائے ونڈ کا گھیراؤ کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 11, 2016
حکومت نے پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن نہ بنایا تو رائے ونڈ کا گھیراؤ کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ آئی ای پی

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم 24 اپریل کو ہر صورت میں ایف نائن پارک میں ہی جلسہ کریں گے جب کہ اس معاملے پر چوہدری نثار سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔



اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف 20 ویں سالگرہ کے موقع پر ایف نائن پارک میں بہت بڑا جلسہ کرنے جارہی ہے، اگر اس دوران حکومت نے چیف جسٹس کے نیچے اعلیٰ سطح کا کمیشن بنادیا تو ہم پارٹی کی سالگرہ کا جشن منا کر واپس آجائیں گے ورنہ ہماری تحریک رائیونڈ کا رخ کرے گی اور مسئلے کے حل تک رائیونڈ محل کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ہی جلسہ کریں گے جب کہ اس حوالے سے چوہدری نثار سے ملنے کے لیے تیار ہوں کیونکہ میں خود بھی نہیں چاہتا کہ کسی قسم کی لڑائی ہو، ہماری پوری پارٹی ڈی چوک میں جانا چاہتی ہے لیکن وہاں وزیرداخلہ نے جلسہ جلوس کرنے سے منع کیا لہٰذا ہم ایف نائن پارک میں جلسہ کریں گے۔



چیرمین تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف تحریک کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریک میں صرف ہمارے کارکن شامل نہیں ہوں گے بلکہ کسان، غریب عوام اور دیگر پارٹیوں کے کارکنان بھی شامل ہوں گے کیوں کہ اگر ہم آج اپنے حق اور کرپشن کے خاتمے کے لیے باہر نہیں نکلیں تو پھر ملک سے یہ ناسور کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتا ہے۔



پارٹی اختلافات سے متعلق خبروں پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوری پارٹیوں میں اختلافات سامنے آتے رہتے ہیں اور اس سے پارٹی کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوتی ہے جب کہ یورپ اور امریکا میں بھی جمہوری پارٹیوں میں ایسے اختلافات آتے رہتے ہیں لیکن وہ الیکشن کے بعد متحد ہوجاتے ہیں چونکہ ہم جمہوری پارٹیوں کے عادی نہیں اس لیے ہمیں یہ سب نیا لگ رہا ہے۔





دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے پیش نظر انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے جاسکتے جب کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی پوری توجہ پاناما لیکس کے معاملے پرچاہتا ہوں۔ اجلاس کے دوران مرکزی قیادت کو مشورہ دیا گیا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر موثر اپوزیشن کے لئے مذہبی و سیاستی جماعتوں کو بھی ساتھ ملایا جائے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ آپس کے اختلافات سے گریز کریں کیوں کہ پاناما لیکس کے بعد قوم کا قبلہ درست کرنے کا سنہری موقع ہے۔



اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کے انکشافات کی وجہ سے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کردیئے ہیں لیکن ممبر شپ مہم چلتی رہے گی اور جیسے ہی یہ تحریک ختم ہوگی اس کے 3 ہفتوں بعد انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے لیے یہ سنہری موقع ہے کہ ملک میں پھیلی کرپشن کو ختم کرکے معاشرے سے ہمیشہ کے لیے کرپشن کا خاتمہ کردیں جیسا کہ پوری دنیا میں لوگ سڑکوں پر باہر نکلیں ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں