ٹیکس چور پکڑنے کےلیے ہاٹ لائن قائم کرنے کا فیصلہ

اطلاع دینے والے کانام خفیہ رکھا،تحفظ اورریکوری پرمخصوص حصہ انعام دیاجائیگا،آئی ایم ایف نے اگلی قسط کیلیے شرط رکھی تھی


Irshad Ansari April 13, 2016
موصولہ اطلاع کے بارے میں شواہد کے حصول میں بھی اطلاع دینے والے کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پوری کرنے کے لیے ٹیکس چوروں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) و ماتحت اداروں کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کے لیے خصوصی ہاٹ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی اگلی قسط کے اجرا کے لیے شرائط میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ویسل بلوئنگ کے تحت ٹیکس چوروں اور کرپٹ افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کا میکنزم متعارف کرایا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں خصوصی ہاٹ لائن قائم کی جائے گی۔ اس ہاٹ لائن پر کوئی بھی شخص ٹیکس چوروں کے علاوہ ایف بی آر اور اسکے ماتحت اداروں کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کرسکے گا، اطلاع دینے والے شخص یا ادارے کا نہ صرف نام مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا بلکہ اسے مکمل تحفظ بھی دیا جائے گا اور اسے متعلقہ کیس کی تحقیقات میں مکمل طور پرشامل رکھا جائے گا۔

موصولہ اطلاع کے بارے میں شواہد کے حصول میں بھی اطلاع دینے والے کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، اس کے علاوہ ہاٹ لائن پر اطلاع دینے والے شخص کے کوائف بھی اپنے پاس محفوظ رکھے جائیں گے اور ٹیکس چوری یا کرپٹ افسر و اہلکار سے تحقیقات کی روشنی میں جو بھی ریکوری ہوگی اس کا مخصوص حصہ بطور انعام ہاٹ لائن پر معلومات فراہم کرنے والے شخص کو دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں