چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن میں 6 اہلکار جاں بحق اور 15 یرغمال

آپریشن بند کردیا جائے ورنہ مغوی اہلکاروں کو بھی قتل کردیا جائے گا، چھوٹو گینگ کی وائرلیس پر دھمکی


ویب ڈیسک April 13, 2016
چھوٹو گینگ کیخلاف فضائی آپریشن کیلئے پولیس اور رینجرز کی مدد کرنے گن شپ ہیلی کاپٹر بھی پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

رحیم یار خان میں چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن ضرب آہن گزشتہ کئی روز سے جاری ہے لیکن آج چھوٹو گینگ نے پولیس چیک پوسٹ پر پر حملہ کر کے 6 اہلکاروں کو شہید اور 15 کو یرغمال بنا لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بھارتی نفری نے آج چھوٹو گینگ کے خلاف منطقی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا تاہم چھوٹو گینگ نے ایک بار پھر پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 6 اہلکاروں کو شہید اور 15 کو یرغمال بنا لیا۔ یرغمال بننے والوں میں ایس ایچ او بنگلہ بھی موجود ہیں جب کہ چھوٹو گینگ نے پولیس کا ایک وائر لیس بھی قبضے میں لے لیا ہے جس پر اس نے پیغام دیا ہے کہ آپریشن بند کردیا جائے۔

چھوٹو گینگ کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور رینجرز اہلکار واپس چلے جائیں ورنہ ایلیٹ فورس کے جو اہلکار ان کے قبضے میں ہیں انھیں ایک ایک کر کے مار دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا بھی موقع پر موجود ہیں اور چھوٹو گینگ سے پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کے لئے حمکت عملی بنائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف گزشتہ 16 روز سے آپریشن ضرب آہن جاری ہے جس میں 8 اضلاع کے 1600 اہلکار حصہ لے رہے ہیں اور اس آپریشن کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ دوسری جانب چھوٹو گینگ کے 80 سے 100 افراد ہیں جن کے پاس بھارتی ساختہ اینٹی ایئرکرافٹ گنیں بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل بھی چھوٹو گینگ کے خلاف 2 مرتبہ بڑے آپریشن کئے جا چکے ہیں لیکن دونوں مرتبہ چھوٹو گینگ فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔ آخری مرتبہ بھی چھوٹو گینگ نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا اور پھر مذاکرات کے ذریعے محفوظ راستہ لینے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں