بنگلہ دیش نے مختصر دورہ پاکستان کا امکان رد کردیا

ستمبر میں سیریز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں چل رہی، کرکٹ بورڈ چیف


Sports Desk April 14, 2016
پلیئرزکو ڈومیسٹک ایونٹ کھلانے کیلیے ویسٹ انڈیز کی میزبانی سے بھی انکار فوٹو : فائل

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے ستمبر میں مختصر دورئہ پاکستان کا امکان مسترد کردیا، چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ سیریز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں چل رہی، بی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کیلیے ویسٹ انڈیز کی میزبانی سے بھی انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا دعویٰ تھا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے ستمبر میں مختصر دورئہ پاکستان کیلیے دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز میں پیش رفت ہورہی ہے، تاہم چیف ایگزیکٹیونظام الدین چوہدری نے اس کے امکانات مسترد کردیے، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ سیریز کیلیے کوئی بات چیت نہیں چل رہی، دوسری جانب میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کیلیے اپریل یا مئی میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی کے لیے حامی نہیں بھر رہے،اس دوران ڈھاکا پریمیئر لیگ کے مقابلے ہونگے۔

بعد ازاں اگست میں بھارت کا دورہ شیڈول ہے،بی پی ایل کے مقابلے شیڈول ہونے کی وجہ سے نومبر میں بھی ہوم سیریز نہیں کھیل سکتے، یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سونے میدان آباد کرنے کیلیے کوشاں ہے،ذرائع کے مطابق اکتوبر، نومبرمیں ویسٹ انڈیزسے سیریز کے تین ون ڈے یا 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی اور لاہور میں کرانے پر سنجیدگی سے غور جاری ہے،سیکیورٹی صورتحال بہتر رہی تو کیربیئن بورڈ کو تحریری طور پر تجویز بھیج دی جائے گی،بنگلہ دیش نے پہلے بھی سیکیورٹی خدشات کے سبب دورے سے انکار کر دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔