اسمارٹ فون گرم ہو رہا ہے جانیے اسے ٹھنڈا کرنے کے طریقے

ایپلی کیشنز اور دیگر ذرائع کے ذریعے گرم اسمارٹ فون کو ٹھنڈا کرکے اس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔


علمدار حسین April 14, 2016
ہر تھوڑے عرصے بعد فون کا پچھلا کور کھول کر بیٹری کا جائزہ ضرور لیں۔ فوٹو؛فائل

KARACHI: اسمارٹ فونز کا گرم ہونا ایک عام سی بات بن چکی ہے۔ گیم کھیلتے ہوئے، وڈیو دیکھتے ہوئے یا کچھ دیر ٹارچ آن کرنے سے بھی اسمارٹ فون تیزی سے گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ ایپلی کیشنز میں ایسی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن کی بِنا پر اسمارٹ فون گرم ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت حال میں سب سے پہلے یہ جاننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ آخر فون گرم کیوں ہو رہا ہے تاکہ اس کا سدباب کیا جا سکے۔

کولر ماسٹر ایپلی کیشن

اگر فون بہت زیادہ گرم ہو رہا ہو تو اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے ''کولر ماسٹر'' (Cooler Master) ایپلی کیشن استعمال کی جا سکتی ہے. جب آپ اس ایپلی کیشن کو چلائیں گے تو سب سے پہلے یہ ڈیوائس کا درجہ حرارت دکھائے گی۔ یہاں سی پی یو اور ریم کی صورتِ حال بھی موجود ہو گی۔

سب سے نیچے "Detect Overheating Apps" کا بٹن موجود ہو گا جس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ کون سی ایپلی کیشنز اس کی وجہ بن رہی ہیں۔ Cool Down کے بٹن کے ذریعے انھیں بند کر کے اس معاملے کو قابو کیا جا سکتا ہے۔

فون کو ٹھنڈی جگہ پر رکھیں

جس جگہ فون رکھا ہو وہاں کا درجہ حرارت بھی فون کو ٹھنڈا یا گرم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ فون ایسی جگہ پر مت رکھیں جہاں براہِ راست دھوپ یا گرم ہوا ہو۔ فون کو ٹھنڈا کرنے کا ایک بہتر طریقہ اسے کور (Cover) سے باہر نکالنا بھی ہے۔ آج کل تقریبا تمام افراد فون کی حفاظت کیلئے اس پر کور چڑھا کر رکھتے ہیں جو اس کی حرارت کو ٹھنڈا کرنے سے روکتا ہے۔

ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ یا اَن انسٹال کریں

جب ایپلی کیشنز میں خرابیاں دریافت ہوتی ہیں تو ان کو درست کرنے کے لیے فوری اپ ڈیٹس جاری ہوتی ہیں۔ خرابیوں کی حامل ایپلی کیشنز فون کو گرم بھی کر سکتی ہیں، اس لیے انھیں وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ اس کے علاوہ تمام انسٹال ایپلی کیشنز کی بھی خبر لیتے رہیں اور جن کی ضرورت نہ رہے ان کو فی الفور اَن انسٹال کر دیں۔

فون کو ہوا کے سامنے رکھیں

جس طرح لیپ ٹاپ کی حرارت کم کرنے کے لیے اس کے اسٹینڈ کے نیچے پنکھے نصب ہوتے ہیں اسی طرح فون کو بھی ٹھنڈا رہنے کے لیے ہوا کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے کچھ دیر پنکھے کے سامنے رکھنے سے بھی اچھا فرق پڑتا ہے۔ یہ مت سمجھیں کہ لوگ آپ کو بے وقوف سمجھیں گے بلکہ فون کو ہوا فراہم کرتے رہیں۔ ہاں البتہ اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں بالکل مت رکھیں۔ اکثر لوگ مشورہ دیتے ہیں کہ واٹرپروف کور میں رکھ کر فون کو فریزر میں رکھنا اچھا ہوتا ہے لیکن یہ تجربہ خطرناک ثابت ہوتا ہے اس لیے اس سے گریز کریں۔

فون کو اوور ہیٹ سے بچائیں

اب آپ یقیناً جان چکے ہوں گے کہ فون کو کس طرح ٹھنڈا رکھنا ہے تو آئیے چند احتیاطی تدابیر بھی ملاحضہ کرلیں تاکہ فون کو اوورہیٹ سے بچا سکیں۔ ہر تھوڑے عرصے بعد فون کا پچھلا کور کھول کر بیٹری کا جائزہ ضرور لیں۔ دیکھیں کہیں یہ لیک تو نہیں ہو رہی یا کہیں پُھول تو نہیں رہی۔ دو سال استعمال کرنے کے بعد بیٹری کا بدل لینا فون کی لمبی زندگی کا ضامن ہے۔

فون کو چارج پر لگانے سے پہلے اس کا کور اُتار دیں۔

فون میں موجود غیرضروری فیچرز کو بند رکھیں۔

اگر ہائی کوالٹی تصاویر ضروری نہ ہوں تو کیمرے کی سیٹنگز کو ہلکا رکھیں۔

لمبے دورانیے کے لیے مسلسل گیمز کھیلنے سے پرہیز کریں۔

ان طریقوں پر عمل کرکے آپ نہ صرف اپنے اسمارٹ فون کو گرم ہونے سے بچائیں گے بلکہ اس سے آپ کے فون کی کارکردگی پر بھی زبردست اثر پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |