پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ

سابق برطانوی سفیرنےمتحدہ کے"را"سےتعلقات کی تصدیق کی اورالطاف حسین نے بھی اسکاٹ لینڈ یارڈ کےسامنےاس کا اعتراف کیا۔

اپنے لوگوں کو اپنی ٹیموں سے مروانے میں الطاف حسین اور ندیم نصرت ماہر ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی. فوٹو: فائل

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے بھارتی ایجنسی ''را'' سے تعلقات کا اعتراف کیا اب وقت آگیا ہے کہ ریاست پاکستان کو اپنا موقف دینا پڑے گا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سابق برطانوی سفیر نے متحدہ کے "را" سے تعلقات کی تصدیق کی ہے جب کہ الطاف حسین اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے ''را'' سے تعلقات کا اعتراف کرچکے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ریاست پاکستان اور اداروں کو کوئی رخ اختیار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور "را" کے تعلقات کے بارے میں ایسے ہی الزامات اور باتیں حکومتی لوگ بھی کر رہے ہیں، اگر یہ باتیں 5 فیصد بھی درست ہیں تو جو تنظیم دشمن ملک کی ایجنسی سے رابطے میں ہے اسے آزادی کے ساتھ ملک میں کام کرنے کیوں دیا جارہا ہے، ایسی تنظیم پر فوری پابندی لگادینی چاہیئے۔


مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ برطانوی ہائی کمیشن کے سفارت کار نےایم کیوایم قائد کے "را" کے ایجنٹ ہونے کا بتایا جب کہ سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کو برطانوی حکومت نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی تھی جس کے بعد رحمان ملک نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو اس حوالے سے آگاہ کیا جس میں میں بھی موجود تھا اور اس میٹنگ سے متعلق ہم نے اپنی پریس کانفرنس میں دبئی میں ہونے والی میٹنگ کا حوالہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور "را" کے تعلقات اب کسی سے ڈھکےچھپے نہیں جب کہ اس حوالے سے گزشتہ تین چار روز سے سابق برطانوی سفارت کاروں کے انٹرویو بھی چل رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب بیٹھ کر الطاف حسین کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ان کے مرنے کے بعد جاگیریں انہیں ملیں، فاروق ستار ہماری زبان نہ کھلوائیں اور وہ بھارتی ایجنٹ کے ایجنٹ ہیں، ہر چیز کی انتہا ہوتی ہے وہ ہرچیزسے واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کو اپنی ٹیموں سے مروانے میں الطاف حسین اور ندیم نصرت ماہر ہیں، اس لئے نوجوان لڑکوں کو کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لو، ایم کیو ایم کے ہزاروں نوجوان دنیا بھر میں دربدر پھر رہے ہیں، لاپتہ افراد کو حراست میں رکھنے سے الطاف حسین کو ہی فائدہ ہورہا ہے، خدارا لاپتہ ہونے والے ایم کیو ایم کارکنان کو چھوڑیں وہ توبہ کرنے کو تیار ہیں۔

Load Next Story