اذلان شاہ ہاکی کپ پاکستان نے جاپان کو 14 سے شکست دے دی

پاکستان ایونٹ میں پانچویں پوزیشن کے لئے کل اپنا میچ کھیلے گا۔

پاکستان ایونٹ میں پانچویں پوزیشن کے لئے کل اپنا میچ کھیلے گا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

KARACHI:
اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جاپان کو 1-4 سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 25ویں اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر نے 2، رضوان علی اور علی شان نے ایک ایک گول کیا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے پہلے کوارٹر میں دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دوسرے ہاف کے 20ویں منٹ میں علی شان نے پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور 4 منٹ بعد ہی رضوان علی نے ایک اور گول داغ کر سبقت کو دو درجے تک بڑھا دیا، تھوڑی ہی دیر بعد جاپان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن شوتا یانادا گول کرنے میں ناکام رہے، اس طرح دوسرے کوارٹر کے اختتام تک گرین شرٹس کو جاپان پر 0-2 کی برتری حاصل تھی۔


کھیل کے تیسرے کوارٹر کے 48ویں منٹ میں جاپان کو ایک اور پنالٹی کوارٹر ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شوتا یانادا نے بغیر کوئی غلطی کئے گیند کو جال میں پہنچا دیا جس کے بعد گرین شرٹس کی جانب سے مخالف ٹیم کے کورٹ پر پے درپے حملے کئے گئے جس میں ارسلان قادر کو کامیابی ملی اور انہوں نے گول کر کے ٹیم کا اسکور 1-3 کردیا۔ کھیل کے اختتام سے 3 منٹ قبل ارسلان قادر نے ایک اور گول داغ کر ٹیم کا اسکور 1-4 تک پہنچا دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ گرین شرٹس کی جانب سے ارسلان قادر نے جاپان کے خلاف 2 اور مجموعی طور پر ایونٹ میں 6 گول کئے۔

پاکستان نے ایونٹ میں اپنے 6 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی اور اس طرح پانچویں پوزیشن کے لئے گرین شرٹس کا مقابلہ کل ہوگا۔
Load Next Story