حکومت اورملک کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں صدرزرداری

کراچی میں حکومت ناکام نہیں ہوئی بلکہ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ شہر کے حالات خراب رہیں۔ صدر زرداری


ویب ڈیسک November 14, 2012
ہم اس سوچ کے خلاف جنگ کررہے ہیں جو ملالہ جیسی معصوم بچیوں کو پڑھنے سے روکتے ہیں اوراسی سوچ نے بے نظیربھٹو کو شہید کیا۔ صدر زرداری۔ فوٹو: فائل

صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اورملک کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، جمہوریت سے ہی ملک آگے بڑھے گا ورنہ سب کچھ ڈوب جائے گا۔

مکوال میں عیدملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرآصف زرداری نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر صاف اورشفاف ہوں گے اورجو بھی جماعت انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اسے اقتدارمنتقل کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سیاست سیاست ہی رہنی چاہئے دشمنی میں نہیں بدلنی چاہئے، جہوریت ابھی ناتوانا ہے اور ہمیں اس پودے کو پروان چڑھانا ہےاوریہ بات خوش آئند ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کررہی ہے۔

صدرآصف زرداری نے کہا کہ کراچی میں حکومت ناکام نہیں ہوئی بلکہ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ شہر کے حالات خراب رہیں تاکہ اس کا اثرپورے ملک پرپڑ سکے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس سوچ کے خلاف جنگ کررہے ہیں جو ملالہ جیسی معصوم بچیوں کو پڑھنے سے روکتی ہے اوراسی سوچ نے بے نظیربھٹو کو شہید کیا۔

صدرنے کہا کہ کوئی یہ سوچتا ہے کہ وہ ہمیں اورپاکستان کو کمزورکرسکتا ہے یہ تو اس کی خام خیالی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خود مختارملک ہے اوراس کوکوئی ڈرا دھمکا نہیں سکتا ہم اپنے پیٹ پر پتھربھی باندھ سکتے ہیں۔

صدرآصف زرداری نے کہا پیپلزپارٹی نے صرف عوام کے لئے کام کیا ،شہید ذوالفقاربھٹو اورشہید بے نظیربھٹو نے عوام کی خاطرجان دی، انہوں نے کہا کہ اس ملک سے ہی ہم سب ہیں اوراس کی بدولت ہی ہم آج ان عہدوں پرہیں مجھے مرنےکے بعد گڑھی خدابخش میں ہی دفن ہونا ہے۔

صدرنے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت نوازشریف نے انتخابات کے بائیکاٹ کی بات کی تو میں نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اورکہا کہ انتخات میں ضرورحصہ لیں، انہوں نے کہا کہ کون اپنے اختیارات کسی کو دیتا ہے لیکن میں نے اپنے حاصل صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کردیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں