انضمام الحق کو پی سی بی کا چیف سلیکٹر بنانے کا حتمی فیصلہ

افغان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کا استعفیٰ منظور کرکے انھیں ریلیز کردیا۔


ویب ڈیسک April 16, 2016
انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تعیناتی کا فیصلہ پیر کو متوقع۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور افغانستان کے موجودہ کوچ انضمام الحق کو پی سی بی کا چیف سلیکٹر بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

چیرمین پی سی بی شہریار خان نے افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق استنکزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنانے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا۔ دوسری جانب ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تعیناتی کا باقاعدہ اعلان پیر کو متوقع ہے۔

انضمام الحق نے اپنا استعفیٰ بذریعہ ای میل افغان کرکٹ بورڈ کو بھیج دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی مفاد کی خاطر میں افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری مزید نہیں نبھا سکتا۔ افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کا ہمارے ساتھ معاہدہ رواں برس نومبر تک کا تھا تاہم ان کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کرتے ہوئے انھیں ریلیز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد چیرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا جب کہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تین روز قبل پی سی بی کے سالانہ اجلاس میں چیرمین شہریار خان نے آئندہ ایک دو روز میں چیف سلیکٹر منتخب کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔