بالی ووڈ میں اسٹارز کا پہلا پیار بالی وڈ کے ستاروں کی پہلی محبت کون

یونانی دیوتاؤں جیسی مردانہ وجاہت کے حامل اداکار ریتھک روشن کے پرستاروں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔


نرگس ارشد رضا April 17, 2016
یونانی دیوتاؤں جیسی مردانہ وجاہت کے حامل اداکار ریتھک روشن کے پرستاروں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔:فوٹو : فائل

فلمی ستاروں کی سب سے بڑی طاقت ان کے چاہنے والے ان کی مداح سرائی کرنے والے پرستار ہوتے ہیں، جو ان کے ایک ایک انداز پر مرمٹتے او ر جاں نثار کرتے ہیں اور حقیقت بھی یہی کہ اگر پرستار ہی نہ ہوں، سراہنے والے ہی نہ ہوں تو کس کے لیے اداکاری کا کھڑاگ پھیلایا جائے۔ اسٹارز اپنے فینز کے بارے میں بے حد حساس ہوتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے بہتر سے بہتر کام اور انداز ہی ان کے چاہنے والوں کی تعداد میں اضافہ کرسکتا ہے۔

ہم میں ہر ایک ان فلمی ستاروں کو پسند کرتا ہے۔ کسی کی ایکٹنگ تو کسی کا ڈریس اور ہیئراسٹائل دل کو بھاتا ہے، کسی کے مسکرانے کا انداز دل کو موہ لیتا ہے تو کسی کے ڈمپل اپنی جانب متوجہ کرلیتے ہیں۔ یہ تو ایک عام پرستار کی کہانی ہے، فلمی ستارے بھی اپنے جیسے فلمی ستاروں کے مداح ہوتے ہیں۔ وہ ان کے ساتھ وقت گزارنا یا کام کرنا پسند کرتے ہیں بولی وڈ کے چند فن کار اپنے پہلے کرش یا پسندیدہ اسٹارز کے بارے میں کچھ یوں بات کرتے ہیں:

٭رنبیر کپور: ششی کپور کے اکلوتے صاحب زادے رنبیرکپور بچپن ہی سے دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ پر فدا ہیں اور ان کے بارے میں وہ اپنے جذبات کا اظہار ہر ایک کے سامنے بر ملا کرتے ہیں۔ اپنی فلم یہ جوانی ہے دیوانی کے گانے گھاگھرا کی شوٹنگ کے دوران رنیبر نے وہ شاٹ بھی شوٹ کرائے جو گانے کی پلاننگ میں شامل نہیں تھے اور ڈائریکٹر نے بھی اسے کٹ نہیں کیا کہ یہ ایک مداح کے احساسات تھے۔

رنبیر کا کہنا ہے کہ وہ عورت جس سے میں نے پہلی بار پیار کیا وہ مادھوری جی ہیں۔ میں ان کا دیوانہ ہوں تب سے جب میں انہیں پاپا کے ساتھ اسکرین پر دیکھا کرتا تھا۔ جب انہوں نے شادی کرلی تب مجھے لگا کہ میں نے ان کے ساتھ ڈانس کرنے کا موقع ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہے، لیکن گھا گھرا کے گانے کے لیے مادھوری کی رضامندی نے میری خواہش کو پورا کر دیا۔

٭سلمان خان: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ سلمان خان بچپن ہی سے ہیما مالنی کے پرستار ہیں۔ حالاںکہ ان دنوں ریکھا کی مقبولیت بھی کم نہ تھی، اس لیے سلمان ریکھا جی کو بہ طور اداکارہ پسند کرتے ہیں، لیکن ان کا پہلا کرش ہیماجی ہیں، جن کے بارے میں دبنگ خان کا کہنا ہے کہ ہیما جی میرے اوائل عمری کا پہلا پہلا پیار ہیں، جو آج بھی اسی طرح قائم ودائم ہے۔ میں کترینہ کو بھی یہ ہی مشورہ دیتا ہوں کہ وہ بھی ہیماجی جیسے انداز اپنائیں۔

٭رانی مکھرجی: رانی مکھرجی کے بارے میں کہا جا تا ہے کہ وہ انڈسٹری کی بہترین اداکارہ ہیں، جو مشکل کردار بھی بہ خوبی انجام دے لیتی ہیں۔ یوں تو انہوں نے فلم پروڈیوسر ادیتہ چوپڑہ سے لو میرج کی، لیکن رانی کا پہلا کرش یا پیار ہالی وڈ کے خوب رو اداکار بریڈ پٹ ہیں۔ بہت چھوٹی عمر میں رانی بریڈپٹ پر اپنا دل ہار بیٹھی تھیں۔ بریڈ پٹ اپنی جادوئی شخصیت اور بہترین اداکاری کے باعث ہر ایک خاص طور سے صنف نازک میں بے حد مقبول ہیں۔ اس لیے اگر رانی ان پر اپنے بچپن ہی سے فدا ہیں تو اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں۔

٭ودیا بالن: ودیا بالن ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کام کے ساتھ ہمیشہ انصاف کیا۔ ایسے مشکل کردار کرنے سے کبھی نہیں گھبرائیں جنہیں شاید کوئی اور اداکارہ نہ کر سکے۔ پری نیتا کے سادہ رول سے ڈرٹی پکچرز کے انتہائی بے باک کردار تک ودیا نے ثابت کیا کہ وہ ہر فن مولا اداکارہ ہیں۔ اس لیے وہ کم کم کام کرکے اپنی ویلیو بنائے رکھنے کے ہنر سے بھی آگاہ ہیں۔

ودیا کے لاکھوں چاہنے والے ہیں لیکن وہ خود بولی وڈ کنگ شاہ رخ کی دیوانی ہیں۔ دونوں اسٹارز میں کئی قدریں مشترک ہیں۔ دونوں ہی نے چھوٹی اسکرین پر کام کیا۔ دونوں نے اپنے کرداروں سے شناخت پائی۔ دونوں سیلف میڈ انسان ہیں۔ ودیا شاہ رخ کو اپنا پہلا پیار قرار دیتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ ایک ایسا شخص ہے جس سے ہر کوئی پیار کرتا ہے۔ میری خوش نصیبی ہے کہ میں اپنے آئیڈیل کے ساتھ کام کر چکی ہوں۔

٭کرینہ کپور: بولی وڈ کی سب سے زیادہ ناز و انداز دکھانے والی اسٹائلش اداکارہ کرینہ کپور کی شخصیت ہی ایسی ہے کہ سب پر سحر طاری ہو جاتا ہے۔ سیف علی خان کے ساتھ لو میرج کرنے کے بعد وہ خوش گوار زندگی بسر کر رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپی پہلی محبت لیونارڈو ڈی کیپریو کو قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیونارڈو کی سپرہٹ فلم ٹائی ٹینک دیکھنے کے بعد وہ ان کی محبت میں گرفتار ہو گئی تھیں اور آج بھی وہ سر عام سب کے سامنے اس بات کا اظہار کرنے سے نہیں چوکتیں کہ لیونارڈو ان کی پہلی محبت ہے۔

٭عالیہ بھٹ: نٹ کھٹ اور شرارتی سی اداکارہ عالیہ بھٹ جس نے بہت کم عرصے میں بولی وڈ میں اپنا نام بنایا اور اس وقت وہ نوجوان نسل کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔ ان کی پسند رنبیر کپور ہیں۔ ایک انٹرویو میں عالیہ کا کہنا تھا کہ رنبیر میرا فرسٹ کرش ہے۔ خاص طور سے جب سے میں نے ان کی فلم برفی دیکھی ہے ان کے لیے میرے پیار اور دیوانے پن میں اضافہ ہی ہوا ہے۔ میں نہیں جانتی کہ مجھے کیوں رنبیر سے اتنا پیار ہے کہ میں سب کے سامنے اس کا اظہار بھی کرتی پھرتی ہوں۔ وہ میرا نہ صرف پہلا بل کہ سب سے بڑا کرش بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ عالیہ نے آیان مکھرجی کی ایک فلم سائن کی ہے جس میں ان کے مقابل رنبیر کپور ہیں۔

٭پریٹی زینٹا: بولی وڈ کی ڈمپل گرل پریٹی زینٹا کا پہلا کرش ہالی وڈ کے سدابہار اداکار ٹام کروز ہیں۔ ایک دنیا پریٹی کے ڈمپل کی دیوانی ہے مگر وہ خود ٹام کروز پر مرتی ہیں Ethan Craft ٹام کروز کی وہ فلم تھی جس نے پریٹی کو ان کا دیوانہ کردیا۔

٭پرینتی چوپڑہ: شوخ اور چمک دار آنکھوں والی اداکارہ پرینتی چوپڑہ نئی اداکاراؤں میں ایک خوب صورت اضافہ ہیں۔ کئی اچھی اور معیاری فلموں میں کام کرکے انہوں نے بہت کم وقت میں خود باصلاحیت اداکارہ ثابت کیا ہے۔ پرینتی چوپڑہ سے جب ان کے فرسٹ کرش کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سیف علی خان۔ اور وہ اس بات کا اظہار برملا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چھوٹے نواب کے لیے ہمیشہ سے دیوانی ہیں۔ اس لیے اگر انہیں سیف علی خان سے شادی کرنے کا موقع ملا تو وہ اسے کبھی ضائع نہیں کریں گی۔ وہ کہتی ہیں، پلیز یہ بات کرینہ کو مت بتائے گا۔ میں جب ان سے ملوں گی تو خود کہہ دو ں گی کہ اگر آپ نہ ہوتیں تو میں سیف سے شادی کرتی۔

٭ارجن کپور: ارجن کپور نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم کی اینڈ کا میں اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ کا م کیا ہے۔ یہ ان دونوں اسٹارز کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے۔ فلم کو آڈینس کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا ہے۔ ارجن کا پہلا کرش ان کی فلمی ہیروئن کرینہ کپور ہیں۔ اس بارے میں ارجن کا کہنا ہے کہ جب میں پہلی بار کرینہ سے ملا تو مجھے احساس ہوا کہ وہ بغیر میک اپ کے زیادہ خوب صورت نظر آتی ہیں۔ بس جب ہی سے میں ان کا دیوانہ ہوگیا اور اس کی کوئی ایک وجہ نہیں۔ ان میں کئی ایسی خوبیاں ہیں کہ کوئی بھی ان پر مٹنے کے لیے تیار ہو سکتا ہے۔

٭شردھا کپور: اچھی اداکارہ اور خوب صورت گلوکارہ شردھا کپور فلم انڈسٹری میں ایک خوش گوار اضافہ ہیں، جنہوں نے ہمیشہ منتخب اور اعلیٰ کام کیا اور داد پائی عاشقی ٹو کی اداکارہ شردھا کے تعلقات ادیتہ کپور سے ڈھکے چھپے نہیں، لیکن ان کا فرسٹ کرش ہمیشہ سے ریتھک روشن ہیں۔ شردھا کا کہنا ہے کہ جب میں نے ریتھک کی فلم کہو ناں پیا ر ہے پہلی بار دیکھی تب ہی سے میں ان کی دیوانی ہوگئی۔ میں نے ان کی ہر فلم کو کم سے کم بھی بیس بار تو ضرور دیکھا ہو گا۔ میری خواہش ہے کہ کوئی بھی فلم ڈائریکٹر مجھے ریتھک کے ساتھ کسی فلم میں کاسٹ کرے۔ میرے پاس ریتھک کی تصاویر کا اتنا بڑا کلیکشن موجود ہے، جو شاید ریتھک کے پاس بھی نہ ہو وہ میرا ہمیشہ میرا پہلا پیار رہے گا۔

٭سونم کپور: بولی وڈ کی فیشن آئی کون اداکارہ سونم کپور کا فرسٹ کرش ریتھک روشن ہیں۔ یونانی دیوتاؤں جیسی مردانہ وجاہت کے حامل اداکار ریتھک روشن کے پرستاروں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ سونم جب اداکارہ نہیں بنی تھیں اور فلم انڈسٹری سے اس کا دور دور تک کوئی تعلق نہ تھا تب ہی سے وہ سر تاپا ریتھک کے عشق میں مبتلا ہیں۔ سونم کا کہنا ہے کہ ریتھک جیسا کوئی نہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اس کے ساتھ عاشقی تھری میں کا م کر رہی ہوں۔ وہ میری پہلی محبت ہے اور اس کا اظہار میں کئی بار کر چکی ہوں۔

٭ادیتہ رائے کپور: ادیتہ رائے کپور نے ہمیشہ کم مگر بہترین کام کیا ہے۔ حال ہی میں ان کی فلم فتور ریلیز ہوئی، جس میں ان کے مقابل کترینہ کیف نے کام کیا ہے۔ ادیتہ کا فرسٹ کرش دیپکا پاڈوکون ہیں۔ کافی ودھ کرن میں جب ان سے اس بارے میں سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دیپکا پاڈوکون میرا پہلا پیار ہیں۔ اگر وہ چاہیں تو میں ان سے شادی کرنے کو تیار ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں