راجن پورمیں چھوٹوگینگ کے خلاف گھیرا مزید تنگ

اگرآج شام تک پولیس اہلکاروں کوبحفاظت رہااورخود کو قانون کے حوالے نہ کیاتوبھرپور کارروائی عمل میں آئےگی، سیکیورٹی فورسز


ویب ڈیسک April 17, 2016
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھوٹو گینگ کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی آپریشن شروع کردیا ہے،فوٹو:فائل

پاک فوج نے غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے کارندوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے اسے یرغمال پولیس اہلکاروں کی رہائی اور ہتھیار ڈالنے کے لیے آج شام کی مہلت دے دی ہے۔

راجن پورمیں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن 20 ویں روزبھی جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹو گینگ کے خلاف گھیرے کو مزید تنگ کردیا گیا ہے، اگلے مورچوں پرفوج اوررینجرزکے اہلکار تعینات ہیں جب کہ ڈرون طیاروں اور ہیلی کاپٹرزکی مدد سے چھوٹو گینگ کے کارندوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے مقامی انتظامیہ کے ذریعے غلام رسول عرف چھوٹو اوراس کے گینگ کے دیگرافراد کو پیغام پہنچایا ہے کہ اگرآج شام تک یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو بحفاظت رہا اور خود کو قانون کے حوالے نہ کیا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں آئے گی۔

ڈی پی او راجن پورغلام مبشرمیکن کہنا ہے کہ آپریشن کے مقام بنگلہ اچھا، شاہ والی اورموضع سون میانی میں کرفیونافذ ہے، کرفیومیں دوپہرایک سے دوتک نرمی دی گئی جب کہ اب شام 6 سے7 بجے تک نرمی ہوگی اس کے علاوہ سخت کرفیونافذ رہےگا، چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کی کمان پاک فوج کے پاس ہے، سیکیورٹی ادارے کے اہلکار بھاری اسلحے کے ساتھ اگلے مورچوں پرموجود ہیں تاہم ان کی پہلی ترجیح مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی ہے، یرغمالی اہلکار ابھی تک خیریت سے ہے اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے پلان تیار کرلیا گیا اور بہت جلد آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھوٹو گینگ کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی آپریشن شروع کردیا ہے، اس سلسلے میں 9 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی ہے جو ناصرف غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے کارندوں کو مختلف قسم کی معاونت فراہم کرتے تھے بلکہ پولیس اور گینگ کے درمیان رابطوں کا بھی کام کرتے تھے۔ ان افراد میں کچھ لوگوں کی مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستگیاں بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں