لندن میں سیاسی بیٹھک وزیراعظم نوازشریف سے وزیرداخلہ کی ملاقات

ملاقات میں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز اور سیکرٹری فواد حسن فواد بھی شریک تھے۔


ویب ڈیسک April 17, 2016
ملاقات میں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز اور سیکرٹری فواد حسن فود بھی شریک تھے۔ فوٹو:فائل

MULTAN: ملکی سیاست اسلام آباد سے لندن منتقل ہوگئی اور لندن کے چرچل ہوٹل میں وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف لندن کے چرچل ہوٹل پہنچے جہاں بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز اور سیکرٹری فواد حسن فواد بھی پہنچے جب کہ ملاقات کے دوران پاناما لیکس کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان جرمنی سے لندن پہنچے جو وہاں اب قیام پذیر ہیں جب کہ سابق صدراور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے طلب کرنے پر سابق وزیرداخلہ رحمان ملک بھی لندن پہنچ گئے۔



دوسری جانب مسلم لیگ (ن) یو کے کے صدر زبیرگل کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی لندن میں رہائشگاہ کے باہر جمع ہوئی اورعمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے برطانیہ میں فنڈ ریزنگ کا غلط استعمال کیا جب کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ان کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کی جو کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر (ن) لیگ کی جانب سے احتجاج کئے جانے پر اپنے ردعمل میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جمائما کے گھر کے باہر مسلم لیگ(ن)کے لوگوں نے مظاہرہ کیا جس کا مقصد پاناما لیکس میں شریف فیملی کے نام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔



واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاج کے دوران عمران خان ان کے گھر میں موجود نہیں تھے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں