پاکستان فیصلہ کن موڑ پر ہے اور اب سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہوگا عمران خان

اگرحکومت کے پاس کسی کیخلاف کرپشن کی فائلیں ہیں تو اسے پکڑے،کیا فائلیں بلیک میل کرنے کے لئے رکھی ہیں،چیرمین پی ٹی آئی

اگرحکومت کے پاس کسی کیخلاف کرپشن کی فائلیں ہیں تو اسے پکڑے،کیا فائلیں بلیک میل کرنے کے لئے رکھی ہیں،چیرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے بعد پاکستان فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے اور اس موقع کا فائدہ اٹھا کر سیاسی رہنماؤں کا احتساب کرنا ہوگا۔



برمنگھم میں ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر وزیراعظم جواب دینے کے بجائے دوسروں پر حملے کر رہے ہیں اور جب وہ ٹی وی پر تقریر کے لئے آئے تو ایسا لگا کہ بھارتی فلم کا دکھی گانا شروع ہوگیا ہو، وزیراعظم کس طرح لوگوں کومنی لانڈرنگ اور کرپشن سے روکیں گے اور وہ کس طرح لوگوں کو ٹیکس ادا کرنے کا کہیں گے، پاناما پیپرز کے بعد وزیراعظم کے درباریوں نے صفائیاں پیش کرنی شروع کردیں، پاکستان کو پاناما لیکس کےمعاملے پر مثال بننا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے کسی وزیر نے کرپشن کی ہے تو انہیں جیل میں ڈالیں، اگر حکومت کے پاس کسی کے خلاف کرپشن کی فائلیں ہیں تو اسے پکڑے، کیا فائلیں بلیک میل کرنے کے لئے رکھی ہیں جب کہ مجھے بھی ڈرانے اور بلیک میل کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔




چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس کی سربراہی میں آزاد اور خودمختار کمیشن بنانے کا موقع دے گی تاہم وزیراعظم کی جانب سے عدالتی کمیشن کی مخالفت کرتے ہیں جب کہ لندن میں موجود آف شور اکاؤنٹس کی جانچ کرنے والی 3 فرمز سے ملا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھیجنے سے ملک کو نقصان ہوتا ہے اور ادارے تباہ ہونے کے باعث لوگ بیرون ملک جاتے ہیں، ہمیں برطانوی معاشرے سے سبق حاصل کرنا چاہیے جس کی سالانہ آمدنی 50 مسلمان ملکوں سے زیادہ ہے، جن قوموں کا نظریہ نہیں ہوتا وہ قومیں مرجاتی ہیں، برطانیہ میں ڈنڈے کے زور پر حکومت نہیں کی جاسکتی جب کہ مسلمانوں نے عدل و انصاف کی وجہ سے دنیا بھرمیں حکومت کی لیکن آج مسلمان پسپائی کا شکار ہیں۔



عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہیئے اور ان کے ووٹ کے حق کے لئے کوشش کروں گا، دہری شہریت رکھنے والوں کو بھی الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیئے۔

Load Next Story