مونٹی کارلو ٹینس میں نڈال کا جادو چل گیا 9ویں بار چیمپئن بن گئے

یہ نڈال کا 10واں مونٹی کارلوفائنل اور مجموعی طور پر 100واں فائنل میچ تھا۔


Sports Desk/AFP April 18, 2016
یہ نڈال کا 10واں مونٹی کارلوفائنل اور مجموعی طور پر 100واں فائنل میچ تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

رافیل نڈال کو گیل مونفلز کو شکست سے دوچار کرنے کیلیے 3گھنٹے تک کورٹ میں پسینہ بہانا پڑا، انھوں نے حریف کو 7-5،5-7،6-0 سے زیر کرتے ہوئے ریکارڈ نویں بار مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹونامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

اسپین سے تعلق رکھنے والے پلیئر نے 2012کے بعد پہلی بار یہ ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ یہ ان کا 10واں مونٹی کارلوفائنل اور مجموعی طور پر 100واں فائنل میچ تھا، نڈال کی اس فتح نے انھیں اے ٹی پی لیڈر نووک جوکووک کے ساتھ ماسٹرز 1000 لیول میں 28ٹرافی جیتنے کی صف میں لاکھڑا کیا۔

نڈال نے مونفلز کیخلاف اپنے جیت کے مارجن کو بہتر بناتے ہوئے 12-2بھی کیا جب کہ انھوں نے میڈریڈ میں مئی 2014 کے بعد پہلی بار کسی ماسٹرز ٹورنامنٹ کا تاج اپنے سر سجایا، اسپینش کھلاڑی اور ان کے حریف دونوں ہی اس سخت مقابلے میں انفورسد غلطیوں سے متاثرہ رہے، فاتح کھلاڑی نے اس غلطی کو 36بار دوہرایا جبکہ ناکام کھلاڑی ان سے بھی دو ہاتھ آگے جا کر 50سے زائد بار غلطی کے مرتکب ہوئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ میں 34بریک پوائنٹس بھی ہوئے، نڈال نے 21میں سے 8جب کہ گیل نے 13 میں سے 5 کو استعمال کیا۔

میچ کے فاتح نڈال نے کہا کہ دوبارہ سے ماسٹرز ٹائٹل جیتنا زبردست رہا، پچھلا سیزن میرے لیے کافی سخت تھا لیکن میں نے اس سال بہتر تیاریاں کیں اور مجھے سیزن کی شروعات میں ہی سخت مقابلوں کا سامنا رہا، اپنے گھر بارسلونا جانے کی تیاری کرنے والے اسپینش کھلاڑی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے کیریئر کا یہ ہفتہ میرے لیے کافی مددگار ثابت ہوگا، اب نڈال کے پاس ٹائٹل کی تعداد 68تک پہنچ چکی ہے اور فرنچ اوپن میں وہ ایک نئے اعتماد کے ساتھ اس میں مزید اضافے کی کوشش کرینگے۔

مونفلز کو اس حوالے سے تھوڑی سی تسلی میسرآسکتی ہے کہ انھوں نے اس میچ میں نڈال کیخلاف کلے کورٹ پر اب تک کا اپنا پہلا سیٹ جیتا، افتتاحی سیٹ تقریباً سوا گھنٹے تک جاری رہا جس نے دوسرے سیٹ میں بھی سخت مقابلے کی نشاندہی کردی تھی، دوسرے سیٹ میں ایک مرحلے پر اسکور 4-4سے برابر تھا اور مونفلز اس سیٹ کو جیتنے کی پوزیشن میں آئے جب بریک پوائنٹ 6-5ہوا اور انھوں نے تھوڑی جدوجہد کے بعد یہ سیٹ جیتنے میں کامیابی بھی حاصل کی جو ان کے لیے میچ سیٹ کی واحد فتح ثابت ہوئی۔

تاہم تیسرا سیٹ پوری طرح نڈال کے نام رہا جب پانچویں سیڈ کھلاڑی نے فرنچ حریف کے خلاف اپنا آٹھواں کلے کورٹ میچ بغیر شکست کھائے جیتا، اس کے ساتھ ہی رافیل نے اپنے بہترین ٹورنامنٹ ریکارڈ کو مزید بہتر بناتے ہوئے 58-4بھی کرلیا جبکہ اس سے قبل وہ 2005سے 2012تک مسلسل 8بار یہ ایونٹ جیتنے کا بھی ریکارڈ رکھتے ہیں، اس ٹورنامنٹ میں آخری بار 2013میں وہ فائنل مقابلے کا حصہ بننے میں کامیاب رہے تھے جہاں انھیں موجودہ عالمی نمبر ایک جوکووک کے ہاتھوں خفت اٹھانا پڑی تھی۔ نڈال 14بار گرینڈ سلم جیتنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں