پاک فوج کی جانب سے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کا باقاعدہ آغاز

ڈرون طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چھوٹو گینگ کے کارندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے

گزشتہ ماہ پولیس نے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا فوٹو: ایکسپریس

پاک فوج نے غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے گینگ کے خلاف آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج نے چھوٹو گینگ کو یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کی بازیابی اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی مہلت ختم ہونے کے بعد آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔


کارروائی میں پاک فوج کو پولیس اور رینجرز کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے۔ کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل اور دریا میں کشتی چلانے پر بھی پابندی ہے جب کہ ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے چھوٹو گینگ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ رحیم یارخان ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پولیس نے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا تاہم 7 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کئی کے یرغمال بنائے جانے کے بعد اس کارروائی میں پاک فوج کو شامل کیا گیا ۔
Load Next Story