آئندہ 24 گھنٹوں میں پاناما لیکس انکوائری کمیشن کے قیام کا امکان

کمیشن کی تشکیل اوردیگر امورپرپارلیمانی قائدین کواعتماد میں لیا جائیگا،وزیرخزانہ کی زیرصدارت اعلی سطح کےاجلاس میں فیصلہ


ویب ڈیسک April 18, 2016
کمیشن کی تشکیل اوردیگر امورپرپارلیمانی قائدین کواعتماد میں لیا جائیگا،وزیرخزانہ کی زیرصدارت اعلی سطح کےاجلاس میں فیصلہ فوٹو:فائل

MELBOURNE: وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزرا اور (ن) لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں پاناما لیکس انکوائری کمیشن کے معاملے پر پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں کمیشن کے قیام کا امکان ہے۔



ایکسپریس نیوزکے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزرا اور (ن) لیگی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل اور دیگر امور پر پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لیا جائے گا اور پارلیمانی قائدین کی مشاورت کے بعد کمیشن کے قیام کاحتمی قدم اٹھایا جائے گا۔



اجلاس میں جسٹس(ر)سرمد جلال عثمانی کی جانب سے پیش کی گئی شرائط اور تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس میں انکوائری کمیشن کے ضابطہ کار اور تیارکردہ ٹرم آف ریفرنس پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جب کہ لیگی رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی نے انکوائری کمیشن کا سربراہ بننے کے لئے قابل چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ، اچھی شہرت رکھنے والے پولیس افسر اور بینکنگ امور کے ماہر ایف آئی اے افسر فراہم کرنے کی شرط رکھی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جنہوں نے اپنی غیرموجودگی میں تمام ذمہ داریاں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سونپی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں